بھٹو حکومت کا تختہ الٹنے کے مرکزی کردار جنرل (ر) فیض علی چشتی کی زندگی پر ایک نظر
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل ضیا الحق کے دست راست اور 5 جولائی 1977 کو ذوالفقار علی بھٹو حکومت کا تختہ الٹنے کے مرکزی کردار جنرل ریٹائرڈ فیض علی چشتی وفات پا گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق 5 جولائی 1977 کی شام جب اس وقت کی بھٹو حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے 10 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض علی چشتی نے تمام انتظامات مکمل کرلئے تو آرمی چیف جنرل ضیا الحق کے دل میں ایک انجانا خوف تھا جس کا اظہار انہوں نے جنرل چشتی کو یہ فقرہ کہہ کر کیا کہ مرشد مروا نہ دینا۔
یوں تو بھٹو حکومت پر قبضے کا فیصلہ جنرل ضیاالحق کا تھا مگر فیض علی چشتی نہ صرف اس فیصلے میں ان کے پہلے ہمنوا تھے بلکہ بھٹو حکومت کے خلاف کارروائی کے کردار نمبر ون بھی وہی تھے، وہ بھٹو حکومت کے خاتمے کے اقدام کا مرتے دم تک دفاع کرتے رہے۔
جنرل فیض علی چشتی ہمیشہ آرمی چیف کے عہدے کو منتخب وزرائے اعظم سے مقدم تصور کرتے تھے، بھٹو حکومت کے خاتمے کے بعد فیض علی چشتی کچھ عرصہ جنرل ضیا الحق کے منظور نظر رہے اور انہیں مارشل لا حکومت میں غیر معمولی اہمیت بھی حاصل رہی۔
ان کی خواہش تھی کہ وہ فل جنرل بنیں مگر ایسا ہونہ سکا اور انہیں 1980 میں ریٹائر ہوکر گھر جانا پڑا، بعد میں جنرل چشتی نے ’بھٹو ، ضیا اور میں‘ کے عنوان سے کتاب بھی لکھی جس کی شہرت کے بعد بیٹریل آف این ادر کائنڈ اور ڈیموکریسی اینڈ آرمی ان پاکستان کے عنوان سے کتب بھی تحریر کیں۔
جنرل فیض علی چشتی نے سال 2007 میں پیپلز پارٹی کے ایک سینیٹر کی مدد سے بے نظیر بھٹو سے خفیہ ملاقات کرکے 1977 میں اپنے کردار کی وضاحت بھی کی تھی مگر جب ان سے اس بابت پوچھا گیا تو
انہوں نے تردید کی۔
جنرل فیض علی چشتی بھارت کی ڈیرہ دھون برٹش ملٹری اکیڈمی سے تربیت یافتہ تھے، وہ پیدا تو بھارتی پنجاب میں ہوئے مگر تقسیم کے بعد بحیثیت جونئیر فوجی افسر ممبئی سے ایک بحری جہاز پر کراچی آئے اور پھر مرتے دم تک راولپنڈی میں رہے۔