قومی ایئرلائن کیلئے آئندہ سال کتنے طیارے خریدے جائیں گے؟ سی ای او نے بتادیا

قومی ایئرلائن کیلئے آئندہ سال کتنے طیارے خریدے جائیں گے؟ سی ای او نے بتادیا
قومی ایئرلائن کیلئے آئندہ سال کتنے طیارے خریدے جائیں گے؟ سی ای او نے بتادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سی ای او قومی ایئرلائن نے کہا ہے کہ آئندہ سال 8 طیارے قومی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونگے۔ 
نجی ٹی وی" جیو نیوز" کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس چیئرمین کمیٹی نوابزادہ افتخار کی زیر صدارت ہوا جس میں ممبرز شریک ہوئے جبکہ سی ای او قومی ایئرلائن نے بریفنگ دی۔ 
اجلاس کے دوران کمیٹی چیئرمین نے ارکان سے کہا کہ سی ای او قومی ایئرلائن نئے آئے ہیں، ان کے سامنے سوالات رکھ دیں۔ 
بیرسٹر عقیل ملک نے سوال کیا کہ قومی ایئرلائن اگلے مہینے نئے جہاز خرید رہا ہے تو کیا لانگ رینج جہاز خریدے جائیں گے؟ پچھلے 3 سال میں قومی ایئرلائن کے کتنے ملازمین بیرون ملک فرار ہوئے ہیں؟ ملازمین بیرون ملک پناہ نہ لیں، اس کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟
سی ای او قومی ایئرلائن نے جواب دیا کہ آئندہ سال تک 8طیارے قومی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونگے، 4 سال بعد یورپی یونین کی پابندی ختم ہوگئی ہے، پیرس میں ہمیں ٹرمینل 3 ملا ہے، یورپ جانے والے ٹرمینل تک قومی ایئرلائن کو رسائی ملے گی توکنکٹنگ فلائٹ بھی جاسکے گی۔ 
سی ای او قومی ایئرلائن نے کہا کہ اسلام آباد سے پیرس کے لئے ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی، ایئر فرانس کے معاہدے کی وجہ سے یورپی مسافروں کوبھی سہولت ملے گی، ایس پی ایس معاہدے کے تحت پیرس کے ساتھ دیگریورپی ممالک کے سفرکی سہولت بھی ملے گی۔ 
ممبر کمیٹی مہرین بھٹو نے اجلاس میں کہا کہ قومی ایئرلائن کی فوڈ کوالٹی پر تو الگ سے کمیٹی ایجنڈا ہوگا جبکہ ممبر شریف خان نے کہا کہ قومی ایئر لائن میں فلائٹ سٹاف کا رویہ بہت تضحیک آمیز ہوتا ہے، اس موقع پر سی ای او نے جواب دیا کہ قومی ایئرلائن کی فلائٹس میں فوڈ کوالٹی بہتر بنا دی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے ایئرپورٹ ڈویلپمنٹس پر 4 رکنی ذیلی کمیٹی بناتے ہوئے کہا کہ ذیلی کمیٹی ایئرپورٹس کی ڈویلپمنٹ اور جاری کام پر پیشرفت رپورٹ دے گی۔ 
اجلاس میں قومی ایئرلائن کے ملازمین کی تعداد، پروموشن اورپوسٹنگ سے متعلق تفصیلات ممبرز کوپیش کی گئیں۔ 
کمیٹی ممبر رمیش لال نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کے بعض ملازمین کی 10سال سے پروموشن نہیں ہوئی، مکمل بریفنگ دی جائے تاکہ معلوم ہو کیا کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں اراکین نے سوال کیے کہ قومی ایئرلائن کے ایئرمارشل (ر) سی ای او تھے تو کتنی پروازیں تھیں اور اب کتنی ہیں؟

ایک ممبر نے کہا کہ ٹریول ایجنٹس نے آج تک قومی ایئرلائن کوکتنا نقصان پہنچایا، تفصیلات آئندہ میٹنگ میں فراہم کی جائیں۔ 
بعد ازاں چیئرمین کمیٹی نے حکام کو ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں اس پر دوبارہ بریفنگ دی جائے۔ 

مزید :

قومی -