پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں پورے ملک میں کلین سویپ کریگی : اسد قیصر

پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں پورے ملک میں کلین سویپ کریگی : اسد قیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


صوابی (بیورورپورٹ)سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وہ سیاست صرف اور صرف عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کیلئے کرتے ہیں ۔لالچ اور طمع کی سیاست کا شوق نہیں رکھتے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا دیا سب کچھ میرے پاس ہے ۔لہٰذا پیسہ کمانا اور کرپشن کی سوچ پر بھی لعنت بھیجتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی عوام کی بھر پور خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا ۔انہوں نے کہا کہ اپنی بہتر کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف آئندہ صوبہ اور مرکزدونوں میں حکومتیں قائم کرے گیاور عمران خان ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہو ں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج موضع ڈوڈھیر ضلع صوابی میں ایک شمولیتی پروگرام سے خطا ب کے دوران کیا جس میں عوامی نیشنل پارٹی ڈوڈھیر کے سرگرم ارکان عطاء الرحمان اور سعید الرحمان نے اپنے خاندان اور دوست احباب سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ۔اس موقع پر ضلعی صدرانورحقداد ،جہاد خان ،راجہ احمد اور عطا ء الرحمان استاد نے بھی خطاب کیا ۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں انصاف اور میرٹ کے ساتھ ساتھ کرپشن سے پاک نظام قائم ہوجائے اور لوٹ مارکرکے پیسہ بیرونی ملک منتقل ہو نا بند ہو جائے تو نوجوانوں کو اپنے ملک میں کافی حدتک روزگار مل سکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ اے این پی حکومت نے اپنے دور حکومت میں کرپشن کا بازار گرم کر نے کے ساتھ ساتھ جنگل کا قانون نافذکیا ہوا تھا جس سے عوام کا استحصال ہو رہا تھا ۔پاکستان تحریک انصاف نے حقیقی معنوں میں عوامی حکومت کا قیام عمل میں لایا۔انہوں نے ایمل ولی خان کے صوابی جلسے میں پی ٹی آئی کارکنان اور صوابی کے لوگوں کے بارے میں جو الفاظ استعمال کئے اس کی وہ بھر پور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو زبان ایمل ولی نے استعمال کی اس سے نہیں لگتا کہ وہ باچاخان کی اولاد ہیں ۔عوامی نیشنل پارٹی صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے انقلابی کاموں سے بوکھلا گئی ہے اس لئے اس قسم کے بیانات سستی شہر ت حاصل کرنے کیلئے دے رہی ہے ۔ایم ایم اے نے اپنی پانچ سالہ دورحکومت میں اسلام کی کیا خدمت کی یہ سب پر روزروشن کی طرح عیاں ہے ۔ہم نے پہلی بارترجمہ وناظرہ قرآن کو سکولوں میں لازمی قراردینے ،سود کے خلاف قانون اور دیگر اسلامی قوانین کو نافذکیا ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں صوبے کے حقوق کیلئے عدالتی جنگ لڑی اور اس صوبے اور پختونوں کے حقوق کو سلب ہونے سے ہمیشہ کیلئے بچالیا ۔اور اب حقدار کو اس کا حق مل رہا ہے کسی کی حق تلفی کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔سپیکر اسد قیصرنے اس موقع پر کہا کہ انشاء اللہ ڈوڈھیر کے گھر گھر تک گیس کی سہولت پہنچا کر رہیں گے ۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کوووٹ دینے کا ثمریہ ملاکہ صوابی کی محرومیت کا خاتمہ ہوا اور صوابی ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ،جبکہ پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر پارٹیوں کو ووٹ دینے کا مطلب ہوگا کہ صوابی کو دوبارہ سے محرومیت کا شکار بنایا جائے ۔لہٰذ ا عوا م سوچ لیں کہ وہ ترقی کے خیرخواہ ہیں یااپنے اوپر محرومیت کے اندھیرے دوبارہ مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔ آخر میں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کے بہیمانہ قتل کے خلاف اور ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچاکر دم لیں گے علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 25جنوری کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ کراچی کا دورہ کریں گے اور نقیب اللہ محسود کے خاندان سے ملاقات کریں گے ۔