چیزوں کو ایک دن میں نہیں بدلا جاسکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسائل سے نکلنے کی نشاندہی کردی
لسبیلہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ چیزوں کو ایک دن میں نہیں بدلا جاسکتا،ہر نئے سال کے ساتھ عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں،قوم،زبان،رنگ اور نسل کی بجائے اچھائی اور برائی کی بنیاد پر فرق کرناچاہیے کیونکہ انسانوں میں فرق کی وجہ سے ہم نے ایک دوسرے کو کمزور کردیاہے،سیاستدان عوام میں مثبت سوچ پیدا کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔
بیلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہاکہ لسبیلہ بلوچستان میں واحد ضلع ہے جہاں پرہرقوم سے تعلق رکھنے والا شخص یہاں مقیم ہے ،انسان کو فرق اچھائی اور برائی میں رکھنا چاہیے قوموں میں نہیں،قوم اور زبان کی وجہ سے ہم نے ایک دوسرے کو بہت کمزور کیاہے،اسلام ہمیں اچھےاوربرےمیں فرق کی تمیز سکھاتاہے،آج ہمارے معاشرے میں بہت سےچیزیں کمزور ہیں،ہمیں اچھائی اوربرائی میں فرق کرنا ہو گا ، تمام سیاستدانوں کو یہ جدوجہد کرنی چاہیے اور عوام کو اچھائی اور برائی میں فرق بتاناچاہیے۔ اُنہوں نے کہاکہ ڈھائی سال کا عرصہ موجود ہے ،ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے علاقوں کو زیادہ سے زیادہ ترقی دیں اور وہ وسائل اور سہولیات دیں جس کی ضرورت ہے،لوگوں کو سڑک،پانی،روزگار سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی میں ہر سال بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں،چیزوں کو ایک دن میں نہیں بدلا جاسکتاہے لیکن اگرہماری سمت مثبت ہے تو پھر آہستہ آہستہ تمام چیزوں کو بہتری کی طرف لے جایاجا سکتا ہے۔