بھارتی ساختہ موبائل فونز سمیت دیگر آلات پاکستان کی سائبر سکیورٹی کیلئے خطرہ قرار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ساختہ موبائل فونز سمیت دیگر آلات پاکستان کی سائبرسکیورٹی کیلئے بڑا خطرہ بن گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بھارتی آئی فونز اور متعلقہ آلات پاکستانی صارفین کے لئے سنجیدہ نوعیت کے رسک قرار دیے گئے ہیں۔کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ بھجوادیا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مراسلے میں پاکستان کے حساس انفارمیشن انفراسٹرکچر میں انڈین مداخلت سے مانیٹرنگ اور بھارت کے ساتھ جیو پولیٹیکل تناﺅ کے باعث سائبر سکیورٹی کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں جبکہ فیک ویب سائٹس اور ایپل طرز کے پورٹل تک رسائی کے ذریعے حساس ڈیٹا چرایا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی مینو فیکچرنگ پروڈ کٹس اور ڈیوائسز پاکستان کے لئے سکیورٹی خدشات بن سکتی ہیں، مصنوعات کے ذریعے پاکستانی صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے اور میلویئر وائرس کی موجودگی جبکہ پروڈکٹس کی تیاری میں ہارڈ ویئر یا سافٹ ویئر کے ساتھ وائرس کی موجودگی کاخدشہ ہے، ممکنہ چھیڑچھاڑ اور ملیویئریا سپائی ویئر وائرس کی موجودگی کاخطرہ ہوسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پورٹلز اور ویب سائٹس تک رسائی فیک ای میلزیا میسجز کے ذریعے کی جاسکتی ہے، پروڈکٹس مینو فیکچرنگ کو متاثر کرکے پاکستانی صارفین کی نگرانی کرنے اور ڈیٹا اکٹھا کرنےکا خدشہ ہے۔
مراسلے میں پاکستان میں ایپل کی مصنوعات کو تصدیق شدہ ری سیلر سے خریدنے، خریداری کے وقت ڈیوائسز کی سیل چیک کرنے اور آئی فون آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے ایپل ڈیوائسز اپڈیٹڈ رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔