شیر کا بچہ رکھنے پر ٹک ٹاکر رجب بٹ کو سزا سنا دی گئی
لاہور (ویب ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کو سزا سنا دی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہورکے جوڈیشل مجسٹریٹ نے شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کو کمیونٹی سروس کی سزا سنائی۔ رجب بٹ کے خلاف وائلڈ لائف افسر نے کلندرا جمع کروایا تھا۔ رجب بٹ نے غیرقانونی طور پر شیر کا بچہ اپنے پاس رکھنے کا اعتراف کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے مطابق رجب بٹ ایک سال تک پرو بیشن افسر کے ماتحت کمیونٹی سروس فراہم کریں گے۔ رجب بٹ اپنے 5 منٹ کے وی لاگ میں جانوروں کے حقوق پر گفتگو کریں گے۔ وی لاگ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں پرو بیشن افسر کی اجازت کے بعد اپ لوڈ ہوگا۔ وی لوگ میں جانوروں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق گفتگو ہوگی۔
عدالت نے محکمہ وائلڈ لائف کو جانوروں کے تحفظ بارے تمام مواد رجب بٹ کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر پروبیشن آفیسر رجب بٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرے تو وہ حاضری کے پابند ہوں گے۔ فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔
ٹک ٹاکر رجب بٹ نے بیان میں کہا کہ اعتراف کرتا ہوں کہ میرے پاس سے غیرقانونی طور پر شیر کا بچہ برآمد ہوا۔ میرے علم میں نہیں تھا کہ جنگلی جانور تحفے کے طور پر وصول نہیں کیے جا سکتے۔ اب سمجھ گیا ہوں کہ ان حالات میں جنگلی جانوروں کو رکھنا نا مناسب ہے۔ مجھے اپنے عمل پر افسوس ہے۔ بطور سوشل میڈیا انفلوئنسر مجھے مثبت مواد بنانا چاہیئے۔ میں شیر کا بچہ رکھنے کا مجاز نہیں تھا میں نے اس عمل سے غلط مثال قائم کی۔ غلطی کا ادراک کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کمیونٹی سروس فراہم کروں گا اور جنگلی جانوروں کے حقوق سے متعلق مثبت پیغام دوں گا۔ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔