امریکہ کا بھارت میں مذہبی پابندیوں کے بارے میں اظہار تشویش
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھارت میں مذہبی پابندیوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی سما کے مطابق امریکی ہیومن رائٹس رپورٹ 2022 میں بھارت کو مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویشناک ملک قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں صرف ہندوتوا نظریے کو پروان چڑھایا گیا۔رپورٹ کے مطابق امریکی مذہبی آزادی کمیشن بھارت کو مذہبی آزادی کے لحاظ سے ایک تشویش ناک ملک کی حیثیت سے دیکھتا ہے، مودی کی انتہا پسند پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کو سیکولر ملک کے بجائے صرف ہندو ملک ہی کہا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھارت میں سب سے زیادہ مسلمانوں اور عیسائیوں کو ظلم وبربریت کا نشانہ بنایا گیا ، امریکی کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کو تشویشناک ممالک کی فہرست میں شامل کیا جائے۔