شیخوپورہ سے اغوا ءہونے والا نومولود بچہ بازیاب، خاتون سمیت2افرادگرفتار

شیخوپورہ(آئی این پی )پنجاب کے ضلع شیخوپورہ سے اغواء ہونے والے نومولود بچے کو بازیاب کروا لیا گیا۔ پولیس نے بچے کو اغواء کرنے والی خاتون اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مشعل نامی ملزمہ نے 4 دن کے بچے کو گھر سے اغوا ءکیا تھا۔ ملزمہ بچے کو لیکر ننکانہ چلی گئی تھی۔ ملزمہ نے اعتراف کیا ہے کہ بے اولاد ہونے کی وجہ سے بچے کو اغواء کیا۔ بچے کے والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ پولیس نے 24 گھنٹوں میں ہمارا بچہ بازیاب کرالیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق نومولود بچے کو اغوا ءکیا گیا۔ تھانہ صدر کے علاقہ کوٹ رنجیت سے بچہ کو نامعلوم خاتون اور مرد نے اغوا ءکیا تھا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس نے فوری مقدمہ درج کیا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر میاں نوید اشرف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اغوا کار ملزمان کو ننکانہ سے گرفتار کرلیا۔بعد ازاں اے ایس پی سٹی شاہ زیب مشتاق نے نومولود بچے کو والدین کے حوالے کر دیا۔