ٹیسٹ کرکٹ کو ڈگری سمجھنا محمد حفیظ کو مہنگا پڑ گیا، پی سی بی نے وضاحت طلب کرلی

ٹیسٹ کرکٹ کو ڈگری سمجھنا محمد حفیظ کو مہنگا پڑ گیا، پی سی بی نے وضاحت طلب کرلی
ٹیسٹ کرکٹ کو ڈگری سمجھنا محمد حفیظ کو مہنگا پڑ گیا، پی سی بی نے وضاحت طلب کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ سے تعلیم کے حوالے سے ٹویٹ کرنے پر جواب طلب کرلیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی تنزلی کی اہم وجہ تعلیم کی کمی ہے اور آئندہ پڑھے لکھے لڑکوں کو ٹیم میں شامل کریں گے ۔ چیئرمین پی سی بی کا بیان آنے کے بعد اتوار کو محمد حفیظ نے اپنے ٹوئٹر اکاو¿نٹ پر لکھا تھا کہ تعلیم زندگی کا اہم ترین حصہ ہے لیکن صرف ڈگری کا ہونا ہی کافی نہیں ہے ، مجھے اپنے ٹیسٹ کرکٹر ہونے پر فخر ہے اور یہی میری ڈگری ہے۔
محمد حفیظ کے ٹویٹ کرنے پر پی سی بی نے اس بات کا نوٹس لے کر ان سے جواب طلب کرلیا ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کے ٹویٹ سے یہ تاثر ملاہے کہ بادی النظر میں انہوں نے چیئرمین پی سی بی کے تعلیم کے بیان کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ نے 2 روز قبل اتوار کو سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ سوال جواب کیے تھے جس کے دوران ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ اگر آپ کو الہ دین کا چراغ دے دیا جائے تو آپ کیا خواہش کریں گے؟ جس پر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 100 فیصد شرح خواندگی کی خواہش رکھتا ہوں۔ ایک اور مداح کے سوال کے جواب میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ ایک انسان کیلئے کرکٹ مکمل تعلیم ہے۔ ایک شائق نے محمد حفیظ سے سوال کیا کہ کیا آپ واقعی سمجھتے ہیں کہ تعلیم کی کمی قومی کرکٹ کیلئے سب سے اہم مسئلہ ہے جس پر محمد حفیظ نے جواب دیا کہ تعلیم زندگی کا اہم ترین حصہ ہے لیکن صرف ڈگری کا ہونا ہی کافی نہیں ہے ، مجھے اپنے ٹیسٹ کرکٹر ہونے پر فخر ہے اور یہی میری ڈگری ہے۔

مزید :

کھیل -