موسم خوشگوار ہونے پر طلب میں کمی، لیسکو کے پا س بجلی اضافی ہوگئی 

موسم خوشگوار ہونے پر طلب میں کمی، لیسکو کے پا س بجلی اضافی ہوگئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(خبرنگار) گزشتہ روز تیز ہواؤں اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں کمی واقع ہو گئی، لیسکو کے پاس 1000 میگاواٹ بجلی جمع، مضافاتی علاقوں میں بھی عارضی لوڈشیڈنگ ختم ہو گئی۔ لوڈشیڈنگ سمیت دیگر شکایات حل ہو ں گی، لیسکو حکام پرعزم۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دودنوں کے دوران تیز ہواؤں کے چلنے اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا جس پر لیسکو صارفین نے اے سی سمیت دیگر کئی الیکٹرانک اشیاء کااستعمال کم رکھا، جس سے بجلی کی طلب میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں لیسکو کے پاس ایک ہزار میگاواٹ بجلی جمع ہو گئی ہے۔ بجلی کی طلب میں کمی واقع ہونے پر لاہور ریجن کے مختلف علاقوں سمیت لیسکو کے مضافاتی علاقوں میں روزانہ 3 سے 4گھنٹے ہونے والی عارضی لوڈشیڈنگ بھی ختم ہو کررہ گئی ہے۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر گھریلو اور کمرشل صارفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس حوالے سے ترجمان لیسکو کاکہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو چودھری محمد امین کی ہدایت پر صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے فیلڈ ٹیمیں ہمیشہ متحرک رہتی ہیں۔ گزشتہ دو روز میں موسم بہتر ہونے پر بجلی کے خرچ میں کمی آنا خوش آئند بات ہے جس سے لوڈشیڈنگ سمیت دیگر شکایات کے خاتمے میں مدد ملے گی۔