مٹیاری کے قریب مال گاڑی کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، ٹرینوں کی آمدو رفت معطل
مٹیاری (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کے ضلع مٹیاری میں مال گاڑی کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔
سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) مٹیاری کے مطابق مال گاڑی لاہور سے کراچی جا رہی تھی۔ بوگیاں اترنے کی وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم کراچی سے لاہور آنے جانے والی گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ گاڑیوں کو ٹنڈو آدم اور پلیجانی سٹیشنز پر روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریک کو بحال کرنے کا کام جاری ہے اور جلد ہی اسے بحال کرکے ٹرینوں کو چلا دیا جائے گا۔