بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے،احسن اقبال
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی آج عدالتی و قانونی مقدمات میں گرفتار ہیں، رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے،بانی پی ٹی آئی عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کردیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق احسن اقبال کا لاہور میں پریس کانفرنس میں کہناتھا کہ ایک سیاسی جماعت بار بار پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے،پاکستان کوئی عام معمولی ملک نہیں ہے،پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا ملک ہے،حکومت یہ اقدامات خوشی سے نہیں اٹھا رہی ،نہوں نے حکومت کی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھایا، آخر اس فساد کو کرنے کی ضرورت کیاہے؟انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی آج عدالتی و قانونی مقدمات میں گرفتار ہیں،رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے،بانی پی ٹی آئی عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کردیں،بانی پی ٹی آئی کو تمام مقدمات میں خود کو کلیئر کرانا ہوگا۔
وفاقی وزیرکاکہناتھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت بانی پی ٹی آئی کے انتقام کا نشانہ بنی، ہم نے کبھی برطانیہ جا کر کسی کے پاؤں نہیں پکڑے،ہم نے کسی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر جاکر پاکستان کیخلاف نہیں بولا،ہم نے گھر کی جنگ گھر میں ہی لڑی،ہم نے اپنے کیس عدالتوں میں لڑے تھے،ان کے وکلا کی ٹیم مسلسل ان کے کیسز کے ٹرائل میں التوا کررہی ہے،بانی پی ٹی آئی کے وکلا پیش ہونے کے بجائے بہانے کرتے ہیں،بشریٰ بی بی بھی ضمانت لینے کے بعد عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں،یہ وہی مہاتما ہیں جنہوں نے ایم پی ایز کو بنی گالہ بلا کر پی ٹی آئی کے پٹے ڈالے۔