اسلامک ٹریڈ فنانسنگ کارپوریشن پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خبر آ گئی، اسلامک ٹریڈ فنانسنگ کارپوریشن پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن (ITFC) کے وفد سے ملاقات ہوئی، اسلامک ٹریڈ کے سی ای او انجینئر ہانی سالم سنبول بھی ملاقات میں موجود تھے، وزیر خزانہ نے معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالر کی کموڈٹی فنانسنگ کو سراہا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ قرض کی رقم آئندہ 3 سال میں فراہم کی جائے گی، پہلے مرحلے میں 27 کروڑ ڈالر پاکستان کو فراہم کئے جائیں گے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس سلسلے میں حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے اقتصادی اور کاروباری امور ایمی ہولمین سے بھی ملاقات کی۔