ممیوں کو جلانے پرد یومالائی کہانیوں نے جنم لیا،ایک ممی کے انتقام کا تذکرہ بھی ہوا،کئی لوگ عبرتناک موت کا شکار ہوئے پھر عزت سے دفن کیا جانے لگا

ممیوں کو جلانے پرد یومالائی کہانیوں نے جنم لیا،ایک ممی کے انتقام کا تذکرہ ...
ممیوں کو جلانے پرد یومالائی کہانیوں نے جنم لیا،ایک ممی کے انتقام کا تذکرہ بھی ہوا،کئی لوگ عبرتناک موت کا شکار ہوئے پھر عزت سے دفن کیا جانے لگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف: محمد سعید جاوید
قسط:40
 پھر پچھلی صدی میں اس بت کو دریافت کرکے نجانے کیسے کھینچ کھانچ کر یہاں اس کی موجودہ جگہ پہنچایا گیا ہوگا۔ بعد میں حکومت نے اس کو مزید بتاہی سے بچانے کے لئے اسے ایک چھت مہیا کر دی اور پھر سیاحوں کی سہولت کے لئے اسے مزید کشادہ کرکے اس کو اس بڑے دو منزلہ ہال میں محفوظ کر لیا تھا۔
اس فرعون کی کچھ تاریخ تو مجھے عجائب گھر کا چکر لگا کر ازبر ہوگئی تھی۔ رہی سہی کسر اس دن عبدو نے پوری کر دی اور اس کے سرکاری اور غیر سرکاری مشاغل پر بھی خوب جی بھر کے روشنی ڈالی۔میں اس کے بارے میں کیے گئے انکشافات آگے چل کر بیان کرونگا۔
ہم ایک بار میمفس کی گلیوں میں نکل آئے تھے۔ جہاں ابھی تک جگہ جگہ فرعونوں کے چھوٹے بڑے سنگلاخی مجسمے کھڑے نظر آ رہے تھے جو اکثر تباہ شدہ اور سربریدہ حالت میں تھے اور آس پاس ان کے اور عام لوگوں کے مقبروں کے آثار بکھرے ہوئے تھے۔ جن میں سے ہزاروں لاکھوں ممیوں کو نکال کر دنیا کے مختلف شہروں میں پہنچا دیا گیا تھا۔ شروع میں تو یہ صرف برطانیہ، امریکہ اور یورپ کے دوسرے ملکوں میں رہنے والے رئیسوں اور امراء کے ذاتی عجائب گھروں کی زینت بنیں۔ تاہم بعد میں جب ان کا حصول بے حد سہل ہوا تو ان کی ایسی بے قدری ہوئی کہ جس کا دل چاہتا تھا وہ تھوڑی سی رقم ادا کرکے کسی بھی جہاز راں کمپنی کے گودام سے اپنی پسندیدہ ممی اٹھوا کر اپنے گھر لے جاتاتھا۔اس طرح کے گودام قاہرہ میں جگہ جگہ موجود تھے، جن میں ہر وقت سینکٹروں کی تعداد میں یہ ممیاں موجود ہوتی تھیں۔
 اوریہ بات بھی تاریخ کا ایک المناک باب ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ مقامی مصری باشندے ایسی ممیاں فٹ پاتھوں پر جگہ جگہ لے کر بیٹھ گئے اور ان کی بولیاں لگانے لگے۔ ظلم کی انتہا تو اس وقت ہوگئی جب یورپ کی کئی فیکٹریوں کی بھٹیوں میں انہیں جلا کر توانائی پیدا کی جانے لگی۔ یہ بڑا ہی سستا ایندھن تھا اور ایک ممی اپنی پٹیوں اور حنوط کے لئے استعمال کئے جانے والے تیل اور مصالحوں کی وجہ سے بڑی دیر تک جلتی رہتی تھی۔
پھر کسی عقلمند نے دریافت کیا کہ اس طرح ان کا جلانا ایک بہت ہی خطرناک صورت حال پیدا کرسکتا ہے اور اس سے کئی مہلک بیماریاں بھی جنم لے سکتی ہیں۔ کچھ دیومالائی کہانیوں نے بھی جنم لیا اور ایک آنجہانی ممی کی روح کے عذابوں اور انتقام کا تذکرہ بھی ہوا اور ایک دو ایسے قصے بھی منظر عام پر آگئے جہاں ممی کی روح نے آکر اپنی بے قدری اور تذلیل کا بدلہ چکا دیا۔ جس سے خاندانوں کے کئی لوگ یکے بعد دیگرے عبرتناک موت کا شکار ہوئے۔ اس کے بعد ممیوں کو ان کے مدفنوں سے نکال کر بیرون ملک بھیجے جانے کا یہ سلسلہ بھی بڑی حد تک کم ہوگیا۔ پھر جب مصر آزاد ہو کر اپنے پیروں پر کھڑا ہوا تو یہ گھناؤنا کاروبار بھی یکسر موقوف ہوگیا اور ممیوں کو عزت اور تکریم دی جانے لگی۔ عجائب گھر کے علاوہ جہاں بھی ممیاں ملیں ان کواحترام سے دوبارہ دفن کر دیا گیا۔
ممی کی تیاری
عبدو مجھے لے کر ایک احاطے میں گھس گیا جہاں ایک بہت ہی وسیع و عریض تالاب کی موجودگی کے آثار ابھی تک باقی تھے اور اس کے پاس ہی کچھ سنگی چبوترے بنے ہوئے تھے۔ قریب ہی ایک قطار میں بنے ہوئے کچھ چھوٹے چھوٹے کمروں کے کھنڈر موجودتھے۔ اس نے مجھے بتایا کہ یہ وہ مرکزی جگہ تھی جہاں لوگوں کو ان کی موت کے بعد حنوط کرکے ان کی ممیاں تیار کی جاتی تھیں۔(جاری ہے) 
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں 

مزید :

ادب وثقافت -