بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں پاکستان ترقی کرے اور صف اول کے ملکوں میں کھڑا ہو، گورنر سندھ

بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں پاکستان ترقی کرے اور صف اول کے ملکوں میں کھڑا ہو، ...
بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں پاکستان ترقی کرے اور صف اول کے ملکوں میں کھڑا ہو، گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ نو مئی اور 24 نومبر جیسے واقعات کرنے والی جماعت کے پیچھے بیرونی طاقتوں کا ہاتھ اور فنڈنگ ہے، سب مل کر بانی پی ٹی آئی کے بگاڑ کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مشاورت سے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے، بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں پاکستان ترقی کرے اور صف اول کے ملکوں میں کھڑا ہو۔

نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان حاصل کرنے کیلئے محنت اور لگن کے ساتھ کوشش کی، پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، سب مل کر محنت کررہے ہیں، پاکستان کو وہاں لانا چاہتے ہیں جس کا قائداعظم اور علامہ اقبال نے خواب دیکھا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ قوم دیکھ رہی ہے مشکل مراحل سے گزر رہے ہیں، مایوس نہیں ہونا، قائداعظم نے فرمایا تھا مسلمان مشکل وقت میں گھبراتے نہیں، ہمیں بحیثیت قوم محنت کرکے آگے بڑھنا ہے، ہم محنت سے اس مشکل مرحلے سے بھی گزر جائیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل ترقی، تیز رفتاری کی طرف گامزن ہے، پاکستان میں شرح سود کم ہورہی ہے، سعودی عرب، یو اے ای، چین، ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، صدر، وزیراعظم پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سرجوڑ کر بیٹھے ہیں، سب چاہتے ہیں پاکستان ترقی کرے، لوگ خوشحال ہوں، سب مل جل کر ملک کو ترقی دینے میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں پاکستان معاشی طور پر خوشحال ہو، بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں پاکستان صف اول کے ملکوں میں کھڑا ہو، بیرونی طاقتیں جانتی ہیں پاکستان ایٹمی طاقت، 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ملک ہے، بیرونی طاقتیں جانتی ہیں افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں، آرمی چیف پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آرمی چیف سرحدوں کی حفاظت، ایس آئی ایف سی جیسے منصوبوں کیلئے کوشاں ہیں، انہی باتوں سے بیرونی طاقتیں پریشان ہیں، بیرونی طاقتیں پاکستان میں حالات خراب کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرتی ہیں، کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بڑے بڑے واقعات ہوتے ہیں، پارا چنار، کُرم واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، بیرونی طاقتیں پاکستان کو صحیح سمت جانے سے روکنے میں لگی ہیں۔

کامران ٹیسوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں بار بار 9 مئی اور 24 نومبر جیسے واقعات جنم لیتے ہیں، سیاسی جماعت کے پیچھے بیرونی طاقتوں کا ہاتھ اور فنڈنگ ہے، وہ بھی سمجھتے ہیں کہ مذاکرات سے حل نکلنا ہے تو یہ خوش آئند ہے، ذرا سی کوتاہیوں نے بڑے بڑے ملکوں کی سرحدوں کو غیر محفوظ بنادیا، مشاورت سے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کو نیا پاکستان بنانے کی کوشش کی، اب سب قائداعظم کے پاکستان میں رہ رہے ہیں، سب مل کر بانی پی ٹی آئی کے بگاڑ کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں، بڑے بزنس مین سے پوچھیں نئے پاکستان میں معیشت کو کتنا نقصان پہنچا، نئے پاکستان میں سارے پڑوسی ممالک پاکستان سے ناراض تھے، نئے پاکستان میں ان کا سوشل میڈیا تنقید کرنے والوں کی زبان بندی کرتا تھا، عدلیہ، حکومتی لوگوں سمیت ہر عزت دار شخص بات کرنے سے ڈرتا تھا۔