پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر چکا، لیڈر نہیں چاہتے عمران باہر آئیں: مصدق ملک
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر چکا،’ڈو اینڈ ڈائی‘ والے جلسے کا کیا ہوا،شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں دھاوابولا جارہا ہے، تحریک انصاف لاہور کی قیادت کہاں ہے، پنجاب کے کسی شہر میں مظاہرین نظر نہیں آرہے۔انہوں نے کہا کہ ایک یلغار خیبر پختونخوا سے آرہی ہے، علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں دھاوا بولنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے کہ عمران خان باہر آئیں اور ان کی صلح صفائی ہو، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو عوام کا کوئی خیال نہیں، ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان میں پی ٹی آئی کے جلسے کہاں گئے، سندھ کے لوگ کہاں ہیں، یہ نہ ہو کہ پی ٹی آئی لیڈران ایک بار پھر پتلی گلی سے کے پی ہاؤس پہنچ جائیں۔انہوں نے عمران خان کی اہلیہ پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کارکنو ں کو ہدف دے رہی ہیں، وہ تو غیر سیاسی تھیں وہ جلسے کی قیادت کیوں کررہی ہیں، دوسر وں کو طعنہ دینے والے موروثی سیاست کررہے ہیں، دوست ممالک نے ہماری اور بانی پی ٹی آئی کی ہمیشہ مدد کی، انہیں ان کا ہی خیال کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، سٹاک مارکیٹ ملک کی بلند ترین سطح پر ہے،عوام کے مسائل کا حل ترجیح ہے۔
مصدق ملک