عوام نے سڑکوں پرنکل کر مینڈیٹ چوروں کو مسترد کر دیا، قیصرہ الٰہی

      عوام نے سڑکوں پرنکل کر مینڈیٹ چوروں کو مسترد کر دیا، قیصرہ الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے کہا ہے گجرات اور پاکستان کے عوام نے عمران خان کی کال پر باہر نکل کر مینڈیٹ چوروں کو مسترد کر دیا ہے۔  قیصرہ الٰہی نے کہا چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری مونس الٰہی کی ہدایت پر گجرات میں پرامن احتجاج کی شروعات ہوئی ہے، عمران خان کی آزادی تک ہم اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے، ہمارے پرامن کارکنو ں پر لاٹھی چارج کیا گیا، پنجاب حکومت کی ایما پر ہمارے کارکنوں کو بے بنیاد اور جھوٹے پرچوں میں نامزد کر کے گرفتار کیا جا رہا ہے۔ چوہدری تنویر گوندل، چوہدری جاوید ماجرہ، توصیف شاہ، چوہدری اعجاز چک بھولا سمیت تمام کارکنوں کی گرفتاری کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ قیصرہ الٰہی کا کہنا تھا ہمارے قریبی ساتھی اور کارکنوں کو آج گرفتار کیا گیا لیکن اس سے ہمارے ارادے انشا اللہ کمزور نہیں ہونگے۔  دریں اثنا چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ اور گذشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار ثمیرہ الٰہی نے کہا ہے پرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے جسے کوئی بھی ہم سے نہیں چھین سکتا، پرامن احتجاج کو روکنا اور عوام پر ظلم کرنا کس آئین میں لکھا ہے، ہم اپنے کارکنوں پر بد ترین تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ثمیرہ الٰہی نے کہا گجرات میں کارکن روز نکلیں گے، یہ کتنے لوگوں کو گرفتارکر سکتے ہیں۔

قیصرہ الٰہی  

مزید :

صفحہ آخر -