خواتین کو تعلیم، ہنر، مالی خود مختاری دینے کی ضرورت ہے: صدر مملکت

  خواتین کو تعلیم، ہنر، مالی خود مختاری دینے کی ضرورت ہے: صدر مملکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                         اسلام آباد (این این آئی)صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف زرداری نے کہاہے کہ ہمیں خواتین کو تعلیم اور ہنر فراہم کرنے اور ان کی مالی خودمختاری یقینی بنانے کی ضرورت ہے،مجھے خوشی ہے کہ ہم پاکستان میں خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمے کیلئے بامعنی کوششیں کر رہے ہیں، ہم نے خواتین کو جنسی تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسیت سے بچانے کے لیے قوانین بنائے ہیں۔ آصف علی زرداری نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاکہ ہم تشدد کی مختلف صورتوں کا سامنا کرنے والی دنیا بھر کی خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،یہ دن ہمیں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کی یاد دہانی کراتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کا ایک بڑا مسئلہ ہے جس سے عالمی سطح پر ہر تین میں سے ایک خاتون متاثر ہوتی ہے،   تشدد کی وجہ سے ہر سال ہزاروں خواتین اپنی جانیں کھو بیٹھتی ہیں، پاکستان اس مسئلے کے حل کیلئے پر عزم ہے،محترمہ بے نظیر بھٹو نے معاشی آزادی، سماجی مساوات اور تعلیم ِ نسواں پر زور دیا، وہ خواتین کے استحصال اور بدسلوکی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کی خواہاں تھیں، ہم نے خواتین کو جنسی تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسیت سے بچانے کے لیے قوانین بنائے ہیں،پاکستان میں فیملی پروٹیکشن سینٹرز اور ویمنز کرائسز شیلٹرز کا قیام عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ  کونسلنگ، ہیلپ لائنز اور قانونی امداد تک رسائی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، علاوہ ازیں، خواتین کے حقوق کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور تشدد کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے۔ 

صدر مملکت

مزید :

صفحہ آخر -