اپنے قدرتی وسائل پر کسی کو قبضہ کی اجازت نہیں دینگے: محمود اچکزئی
ژوب (آن لائن) تحفظ آئین پاکستان اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم اپنے قدرتی وسائل پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے دوسروں کے ہاں جو کچھ ہو وہ ان کو مبارک لیکن اپنے وطن پر کسی کو یہ اختیار نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے وطن کے قدرتی وسائل پر پر قبضہ کی کوشش کرے، پشتون قوم کو اپنے آپس کے اختلافات اور دشمنیوں کو ختم کرنے کیلئے تمام معززین کو آگے بڑھنا ہو گا، دشمن ہمارے نفاق سے فائدہ اٹھا رہا ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر پشتون قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، محمود خان اچکزئی نے کہا پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر تمام شاہراہیں کس قانون کے تحت بند کی گئی ہیں، آئین وقانون کے تحت احتجاج پی ٹی آئی کا آئینی جمہوری حق ہے، انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی میں 200 افراد ہلاک ہوئے کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا حالانکہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب سے گولی کزری تو انٹیلی جنس چیف مستعفی ہو گئے انھوں نے کہا کہ دنیا پرندوں اور جانوروں کے تحفظ کیلئے اقدامات کر ر ہی ہے مگر یہاں پشتونوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے، پشتون ایک بہادر اور مہمان نواز قوم ہے بد قسمتی سے پشتون ملت کو دہشت گرد کے طور پر پیش کیا جارہا ہے جو حکومت اپنے عوام کو تحفظ نہیں دے سکتی اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں، مقررین نے کہا کہ ھماری سب سے بڑی بدقسمتی قوم کا آپس میں نفاق ہے، چند عناصر اپنی سیاست کی خاطر پشتون قوم کو غلط راستے پر ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ھیں، مقررین نے کہا کہ اقوام کے مابین اختلافات اور دشمنیا ں ختم کرنا نواب ایاز جوگیزئی کی ذمہ داری ہے ہم تمام اقوام کے معززین معتبرین اور علما نواب ایاز کے شانہ بشانہ ہونگے۔
محمود اچکزئی