عمران خان کے تیسری بیوی سے بھی اختلاف کی خبروں کے بعد ریحام خان بھی میدان میں آگئیں ،ایسی وجہ بتا دی کہ عمران خان کے غصے کی انتہا نہ رہے گی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے ان کی تیسری بیوی سے اختلاف کی وجہ کتوں کو قرار دے دیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ”دی پرنٹ “میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں ریحام خان نے لکھا ہے کہ عمران خان کی ازدواجی زندگی میں مسائل پیدا کرنے والا موٹو، پتلو یا بھالو ہو سکتا ہے لیکن برائے مہربانی شیرو کی روح کو آرام کرنے دیجئیے کیونکہ وہ مر چکا ہے ۔
ایک واقعہ سناتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ عمران خان اچھے اور خوبصورت کتوں کے شوقین ہیں، ایک کتے کو رکھنے پر میں نے عمران خان سے اصرار کیا تھا ، جسے وہ پدو کے نام سے بلاتے تھے، اس کتے کے پیدائشی طور پر دونوں کان کٹے ہوئے تھے۔میں نے اسے بچانے کی پوری کوشش کی ، وہ سب کیا جو میں کر سکتی تھی لیکن ایک دن پدوکا دن بھی آگیا۔ ایک دن ہم رات کے کھانے سے واپس آرہے تھے اور عمران خان نے ہمیشہ کی طرح تیز رفتارمیں گاڑی چلائی اور پدو پر چڑھا دی۔ اس رات کے اندھیرے میں میں نے صرف اس بے بس کتے کی چیخ سنی تھی۔ اس کے بعد میں دنگ رہ گئی اور اسی خاموشی میں کمرے کے اندر داخل ہو گئی۔مجھ سے نہ تو کتے کے بارے میں کوئی بات ہوئی اور نہ ہی مجھ میں اتنی ہمت تھی کہ میں اسے دیکھ سکتی۔ خوش قسمتی سے پدو چوٹ لگنے کے باوجود بچ گیا لیکن اس کے بعد عمران خان نے اسے گھر سے نکال دیا۔ شیرو سے قبل ایک اور خوبصورت کتا تھا جو پانی کی کمی کی وجہ سے مر گیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ عمران خان صبح کی سیر کو نکل گئے اور کتے سے متعلق بالکل بھول گئے تھے۔
خیال رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گذشتہ دو تین روز سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کے تعلقات خراب ہونے اور بشریٰ بی بی کے میکے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں ۔