66 سالہ خاتون کا کورونا سے انتقال، بیٹی اور غسل دینے والی عورت بھی کورونا کا شکار ہوگئیں

مٹیاری(ویب ڈیسک) سندھ کے شہر مٹیاری میں میت کی تدفین کے بعد بیٹی اور غسل دینے والی خاتون کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔اے آر وائی نیوز کے مطابق 66 سالہ کرونا مریضہ 2 دن پہلے جناح ہسپتال کراچی میں انتقال کرگئی تھیں، خاتون کی میت کی تدفین کے بعد بیٹی اور غسل دینے والی خاتون کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر مٹیاری کا کہنا ہے کہ دو روز قبل جناح ہسپتال انتظامیہ نے میت ورثا کے حوالے کردی تھی، مریضہ کی بیٹی اور غسل دینے والی خاتون کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مٹیاری کے مطابق ٹیسٹ کے نمونے لے کر مریضہ کے گھر اور 2 کالونیوں کو سیل کردیا گیا ہے۔
ادھر بلوچستان کے شہر چمن میں قرنطینہ سینٹر سے کرونا وائرس کے 2 مریض فرار ہوگئے، فرار مریضوں میں سے ایک کا تعلق چمن اور دوسرے کا خیبرپختونخوا سے ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھاگنے والے دونوں مریض افغانستان سے واپس آئے تھے، افغانستان میں پھنسے ڈرائیورز، کنڈیکٹر کو وطن واپسی پر قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔انتظامیہ کے مطابق مریضوں کو پکڑنے کے لیے ضلع کی تمام چیک پوسٹوں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 256 ہوگئی ہے، کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 12227 ہوگئی۔