مولانا فضل الرحمان بھی سیلاب میں پھنس گئے، صوبائی حکومت کو معاونت کی پیشکش
ٹانک(مانیٹرنگ ڈیسک) اپنے گاﺅں میں سیلاب میں پھنسے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے خیبرپختونخوا حکومت کو سیلاب متاثرین کی مدد کے سلسلے میں معاونت کی پیشکش کر دی۔
نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ان کا خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں واقع گاﺅں سیلاب میں گھر چکا ہے اور گاﺅں کا زمینی راستہ کٹ چکا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے یہ بھی بتایا کہ ٹانک بھی پورا پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور گلیاں تالاب بنی ہوئی ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ”ہم خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کو ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کرتے ہیں اور اس مصیبت کے دنوں میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔“ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں لوگ درختوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں اور ابھی سیلاب کا ایک بڑا ریلا ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف آ رہا ہے۔ اس آفت سے نمٹنا کسی ایک تنظیم کے بس کی بات نہیں۔ حکومت بھی محدود وسائل کی وجہ سے اکیلی کچھ نہیں کر سکتی۔ لوگوں کو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے آنا ہو گا۔