لاہور میں آصف زرداری کی سالگرہ تقریب کے دوران" گو مریم گو کے نعرے" لگ گئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب میں بجلی بند ہونے پر پاکستان پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت اور کارکنان نے" گو مریم گو اور شرم کرو حیا کرو "کے نعرے لگادیئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں آزادی فلائی اوور پر پاکستان پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران وہاں کی بجلی منقطع کردی گئی۔بجلی منقطع ہونے پر قیادت اور کارکنان مشتعل ہوئے اور انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ’گو مریم گو، شرم کرو حیا کرو‘ کے نعرے لگائے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر آج تم نے لائٹس بند نہ کروائی ہوتی تو تمہاری بات نہ ہوتی، یہ جو کچھ ہو رہا ہے مریم کے کہنے پر ہو رہا ہے، اگر پاکستان پیپلز پارٹی (ن )لیگ کا ساتھ نہ دیتی تو آج یہ جیل میں ہوتے، مریم نواز بشریٰ بی بی کی جگہ جیل میں ہوتی اور شہباز شریف نواز شریف بانی پی ٹی آئی کی جگہ جیل میں ہوتے۔اگر پیپلزپارٹی نے عدم عتماد کے ذریعے عمران خان کو نہ نکالا ہوتا تو شریف خاندان کے لوگ برطانیہ میں ہوتے، گزشتہ 16ماہ کی حکومت میں پاکستان سب زیادہ مہنگائی میں چلا گیا، ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا مگر بلاول بھٹو دوسرے ملکوں سے امداد لے کر آئے تو ملک بچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب پیپلزپارٹی کی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مرکز اور صوبائی حکومت سے اپنی حمایت واپس لے اور ان کا ساتھ چھوڑ دیا جائے، اگر پیپلزپارٹی اپنی حمایت ختم کرتی ہے تو پیپلزپارٹی لاہور سمیت پورے پنجاب میں پھر سے مضبوط ہوجائے گی۔
فیصل میر نے کہا کہ جب نواز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب تھے پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر ظلم ہوا، میں کلثوم نواز کے مقابلے میں بھی الیکشن لڑ چکا ہو ں، وہ بڑے ظرف والی خاتون تھی مگر ان کی بیٹی ان پر نہیں گئی۔