لیلتہ القدر 

  لیلتہ القدر 
  لیلتہ القدر 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ایسی خوبصورت رات جو طلوع آفتاب تک امن اور سلامتی ہے جس میں فرشتے اور روح اپنے رب کے حکم سے اُترتے ہیں ایسی مرادوں والی رات کہ جس میں مرادوں کے گوہر نایاب مل جائیں جس میں عمر بھر کی تھکان کو آرام مل جائے، جس میں آلام و مصائب اور آفتوں سے نجات ہو ایسی رات کہ جو راحتوں کی رات ہو جس میں سُکھ کی روشنی ہو چین کی خوشبو اور محبتوں کا نور ہے ایسی رات جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے، جس میں باری تعالیٰ کی ذات مبارکہ گنہگاروں کے لئے خصوصی بخشش کے سامان مہیا کردے، جس میں خوشیوں کے خزانوں کو لٹایا جارہا ہو ایک تو رمضان المبارک کہ جس میں رحمتوں اور برکتوں کا ہی حساب نہیں جس میں قرآن کریم نازل کیا گیا ہو جس میں تمام سرکش قوتوں کو جکڑ دیا جاتا ہو دوزخ کے دروازوں کو بند کرکے جنت کے باب وا کردئیے جائیں، جس میں ہر ثواب کو کئی کئی گنا بڑھا دیا گیا ہو جس میں قدرت کی بخشش جوش میں ہو اور روزہ دار کے منہ کی خوشبو اللہ کو مشک سے زیادہ پسندیدہ اور پاکیزہ ہے جس کا اجر اور بدلہ صرف اللہ کے پاس ہو رمضان المبارک کہ جس کا ہر روز معطر اور ہر شب مہکتی ہے ایسے مبارک اور متبرک ماہ میں اس رات کی تلاش کہ جسے لیلتہ القدر کہتے ہیں گویا دنیا و آخرت کی کامیابیوں کی تلاش ہے خدائے عظیم کی طرف سے ہم گنہگاروں کے لئے ایک تحفہ ہے ایک ذریعہ ہے بخشش کا کہ ہم اپنی آخرت کو سنوار لیں سبحان اللہ۔ اللہ کریم نے انسانوں کی بخشش کے کتنے سامان کر دیے ہیں ہم خدا کی نعمتوں کا کتنا ہی شکر ادا کریں، لیکن اللہ کی کسی ایک نعمت کا شکر ادا نہیں کر سکتے خدا کی تو پہلے  ہی بہت عنایات نعمتیں اور رحمتیں ہیں خدا کے تو انسانوں پر احسان ہی اس قدر ہیں کہ جن کا شمار ہی نہیں نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کائنات میں جلوہ فروز فرما کر اللہ تعالی کی ذات مبارکہ نے انسانوں پر وہ احسان عظیم کر دیا کہ انسان ہلاکتوں سے بچ گیا وگرنہ انسان گمراہیوں کے ایسے گرداب میں تھا کہ جہاں اس کا نام تھا نہ نشان انسان تباہ ہورہا تھا اللہ تعالیٰ کی ذات پاک نے انسان کی رہنمائی کے لئے اس کی کامیابی کے لئے نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ نمونے کے طور پر رکھ دی کہ کائنات کا کوئی بھی شخص جس قدر چاہے رہنمائی پا کر فیض یاب ہو قران کریم ایسا نسخہ کیمیا ہے کہ جس کی تعلیمات سے انسان کسی بھی شعبے میں اپنی منزل کو پہنچے اسی طرح انسان کی بھلائی کے رب کریم نے ہزارہا راستے مقرر کر دیے کہ جن پر چل کر ہم اپنی عافیت پاتے ہیں اللہ کریم کی انسان سے محبت انسان کے لئے اللہ کریم کی خیر خواہی کو دیکھئے کہ اللہ کریم نے انسان کہ جو نافرمان بھی ہے سیاہ کار بھی ہے بدکار بھی ہے گناہ گار بھی ہے گناہوں سے لتھڑے ہوئے انسان کے لئے اللہ نے اس کی بخشش اس کی کامیابی کے لئے کتنے مواقع فراہم کر دیے ہیں رمضان المبارک کا مہینہ بھی اللہ سے بخشش کا ایک ذریعہ ہے اس مبارک مہینے کی عظمتوں رفعتوں اور اس کی شان کا ہم اندازہ نہیں کر سکتے اور رمضان کے آخری عشرہ میں خدا نے لیلتہ القدر کی جو رات رکھی اس رات کی تعریف اور تعظیم اس رات کی بلندیوں تک انسانی عقل رسائی نہیں رکھتی کہ یہ وہ رات ہے کہ جو اللہ کی طرف سے گنہگار انسانوں کے لئے ایک عظیم الشان رات ہے ایسی رات کہ جس کا نعم البدل ہی خدا نے تخلیق نہیں فرمایا ایسی رات جو اپنے وقار جو اپنی شان اپنے معیار اور تعظیم  اپنے مرتبے کے حوالے سے یکتا ہے جس رات کی ثانی رات ہی کوئی نہ ہو جس رات کو خدائے کریم خاص لطف وہ کرم فرما دیں جس رات کو اللہ کی ذات مبارکہ انسانوں کی ایک دعا پر اس کی تقدیر بدل دے اس کا نصیبا سنوار دیں اس کی آخرت کو بنا دیں اور دنیا و اخرت کی راہوں کو ایسا ہموار کر دیں کہ انسان دنیا میں بھی کامیابیوں کی دولت کو سمیٹے اور آخرت میں بھی خدا کی رحمت کا مستحق ٹھہرے نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آخری عشرہ میں عبادت کا خاص اہتمام فرماتے یہی وہ رات ہے کہ جس کو ہم آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرتے ہیں کہ انہی طاق راتوں میں یہ رات ہے جس میں خدا کے بے شمار خزانے ہیں جو خدا انسانوں کے لئے لٹاتا ہے اور یہ خزانے جو جتنا چاہے اپنے دامن میں بھر لے کہ خدا کے ان خزانوں۔ نعمتوں اس کی برکتوں رحمتوں اس کی بخشش اس کی رحیمی کریمی بے حد و حساب ہے اور اس کے خزانے بھی بے حد و حساب ہیں انسان اللہ کو پکارتا جائے اللہ کی بارگاہ میں گڑگڑاتا جائے اور اس کے خزانوں کو سمیٹتا جائے کبھی ہمیں یہ سوچنے کی بھی ضرورت ہے کہ خدائے کریم نے ہمارے لیے دنیا میں کیا کیا رکھ چھوڑا ہے اور آخرت میں ہمارے لئے کیا کِیا ہے غور کرنے پر معلوم ہوگا کہ ہم کس قدر گنہگار ہیں اور ہم پر خدائے وحدہ لا شریک کے کس قدر احسانات ہیں ہمارے لئے کتنی نعمتیں ہیں برکتیں ہیں کہ جن نعمتوں اور برکتوں کو سمیٹتے ہوئے ہم فلاح پاتے جاتے ہیں۔

رمضان المبارک کے اس آخری عشرے اور لیلۃ القدر کی ہزار مہینوں سے افضل رات میں ہمیں جہاں اپنے لئے اللہ کریم سے کامیابیاں اور بخشش مانگنی ہے ہمیں چاہئے کہ ہم فلسطین کے مظلوم بھائیوں کے لئے بھی خدائے کریم سے مدد مانگیں فلسطینیوں پر جو ظلم اسرائیل کے سورماؤں نے روا رکھے ہیں گذشتہ رمضان ہو کہ یہ والا رمضان کیا سحر کیا افطاریہودیوں نے عین انہی اوقات میں گولہ و بارود برسا کر روزے داروں کو انتقام کی آگ میں جلا کر راکھ کر دیا فلسطین کے جلتے ہوئے نوجوانوں بچوں کی تپش ہم تک بھی پہنچتی ہے، جس سے ہمارا سینہ جلتا ہے لیکن ہم بے کس ہیں ہم صرف بارگاہ الہی میں ہاتھ اٹھا سکتے ہیں ہم ان کی نصرت کی دُعا تو کر سکتے ہیں فلسطین کے شہید تو جنت مکیں ہوئے کہ جو اس وقت نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمتوں اور اللہ کے کرم کے سائے میں جنتوں کی نعمتوں سے مالا مال ہو رہے ہیں ہمیں فلسطین کے جھلستے ہوئے اور دنیا کے متکبر آقاؤں کے ظلم سے لمحہ لمحہ کٹتے ہوئے اپنے بھائیوں کے لئے خدا کے حضور بہت خاص دعا کرنی ہے کہ اللہ اُمت وحدہ کو اس قدر ایک کر دے کہ ان کو جدا کرنے کی کسی میں طاقت نہ ہو یہ امت اور اسکے رہنما ایک ہو گئے تو دنیا کی کوئی طاقت ان کے سامنے سر اٹھانے کے قابل نہ ہوگی ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام کو مل کر کفر کے آگے سینہ تان کر کھڑا ہونا ہوگا اللہ سے مدد اور نصرت مانگنا ہوگی اللہ کی مدد اور اس کی نصرت سے امت مسلمہ پوری قوت سے کافروں کے سامنے کھڑی ہو جائے تو کافروں کو منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے۔

 خدا ماہِ مبارک کی برکتوں اور لیلتہ القدر کی فضیلتوں کے طفیل ہماری زندگیوں میں خوشگوار تبدیلیاں لائے خدا ہمیں عزتوں اور کامیابیوں سے نوازے اور خدا ہمارے فلسطین کے بھائیوں کو فتحیاب کرے آمین۔ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

٭٭٭٭٭

مزید :

رائے -کالم -