ای وی ایم کے استعمال کے خاتمے کا بل قومی اسمبلی میں منظور

ای وی ایم کے استعمال کے خاتمے کا بل قومی اسمبلی میں منظور
ای وی ایم کے استعمال کے خاتمے کا بل قومی اسمبلی میں منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )   قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کا بل منظور کرلیا  ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز سے متعلق سابق حکومت کی ترامیم ختم کر دی گئیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ای وی ایم کا بل بلڈوز کیا تھا ، الیکشن ریفارمز کی آڑ میں سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر ای وی ایم  کا کہا گیا ،  2018  کے انتخابات میں کچھ کمی بیشی رہ گئی تھی جسے  دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ الیکشن کمیشن  نے واضح کیا کہ ای وی ایم سے الیکشن نہیں ہوسکتا ، اوور سیز  پاکستانیوں سے ان کا ووٹ کا حق نہیں لیا جا رہا نہ ہی لیا جائے گا۔

وزیر قانون  اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ  سمند رپار پاکستانی  ملک کا اثاثہ ہیں ،  ووٹنگ مشین سے متعلق مختلف جماعتوں کو تحفظات ہیں ،  گزشتہ  حکومت نے ای وی ایم سے متعلق فریقین کو اعتماد میں نہیں لیا،  ای وی ایم کے ذریعے ملک بھر میں ایک ہی روز الیکشن کرانا ممکن نہیں ۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں میں نیب قوانین میں ترمیم کا بل بھی پیش کیا گیا ہے ،  قومی احتساب ترمیم دوم بل 2021 ایوان میں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کیا۔ 

 اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ  سابق وزیر اعظم نہیں چاہتے تھے کہ اس ایوان میں قانون سازی ہو ، سابق حکومت معاملات آرڈیننس کے ذریعے چلاتی رہی ، ایک آرڈیننس چیئرمین نیب سے متعلق جاری کیا گیا اور پھر اس کی توسیع بھی کی گئی ،  مزید ترامیم بھی کی گئیں جن سے سول سرونٹس  سے زیادتی کی گئی ، بغیر ثبوت کے سول سرونٹس کو پابند سلاسل کیا گیا، سیاستدانوں کی آواز تبدیل کرنے کیلئے نیب قانون کا سہارا لیا گیا ۔