"نماز ادا کرنے کے دوران اچانک زمین ہلنے لگی، اس سے . . ." آزاد کشمیر میں زلزلہ، بزرگ والدہ نے نئی مثال قائم کردی
میرپور (ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے علاقے زلزلے سے متاثرہ علاقے سانگ ککری میں زلزلے کے بعد ضعیف بیوہ ماں نے اپنے 2 معذور بیٹوں کی جان بچاکر ممتا کی نئی مثال قائم کردی۔
زلزلے میں سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں ہوا جہاں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور سڑکیں دھنس گئیں جبکہ اموات کی تعداد بھی 37 تک پہنچ چکی ہے،میرپور میں ہونے والی تباہی کے دوران کئی ایسے ناقابل یقین واقعات بھی پیش آئے ہیں جنہوں نے سب کو حیران کردیا ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ میرپور کے علاقے سانگ ککری میں پیش آیا جہاں ضعیف ماں نے 2 جواں سال معذور بیٹوں کی جان بچائی۔زلزلے کے وقت ایک معذور بیٹا گراؤنڈ فلور اور دوسرا بالائی منزل پر تھا، والدہ کچن میں مصروف تھیں کہ اچانک زمین ہلنے لگی، بوڑھی والدہ کو بیٹوں کی فکر لاحق ہوئی اور وہ انہیں بچانے کیلئے دوڑی۔ماں نے اپنے دونوں بیٹوں کو تیزی سے گھر سے باہر نکالا اور جیسے ہی دونوں معذور بیٹے گھر سے باہر نکلے مکان گرگیا، یوں بیٹوں کی جان بچاکر ماں کی ممتا جیت گئی اور یہ واقعہ ہمیشہ کیلئے ایک مثال بن گیا۔معذور بیٹے کا کہنا تھا کہ نماز ادا کرنے کے دوران اچانک زمین ہلنے لگی، اس سے دیوار میں دراڑ پڑگئی جس پر والدہ کو آواز دی اور ان سے کہا کہ گھر سے نکال دیں جس پر والدہ نے ہمیں گھر سے نکالا۔