”شالا وسدا روے پنجاب“ پنجابی کلچر اور روایات پر فخر، بھنگڑے کا کوئی جوڑ نہیں:مریم نوازشریف
ناصرہ عتیق
پنجاب، پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جس میں بہنے والے پانچ دریاؤں کی نسبت سے اسے پنجاب کا نام دیا گیا۔ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:مجھے اپنے ملک سے پیار ہے، پنجاب کی مٹی،روایات اور کلچر سے پیار ہے،دنیا بھر کا میوزک سن لیں اور پرفارمسنز دیکھ لیں، پنجابی میوزک، گانوں اور بھنگڑے کا کوئی مقابلہ یا جوڑ نہیں ہے۔ہمیں انگریزی سیکھنی اور بولنی چاہئے، لیکن اپنی پنجابی اور اردو زبان بھی فخر سے بولنی چاہئے۔
الحمراء آرٹس کونسل میں پنجاب دیہاڑ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجابی بولنے اور کہلانے پر ہر ایک کو فخر ہونا چا ہئے،جلاوطنی کے دوران بارش میں پنجاب کی مٹی کی خوشبو کو یاد کر کے رویا کرتی تھی۔ پنجاب کے لوگ ہمارے اپنے ہیں،پنجاب اور پنجابی ہماری پہچان ہے،اسے بھول نہیں سکتے۔مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دنیا کی ساری زبانیں اور موسیقی اچھی ہے مگر ”ٹور پنجابن دی“ کا کوئی جواب نہیں،بھنگڑے کا کوئی میوزک اور رقص مقابلہ نہیں کرسکتا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا اس موقع پر کہا کہ میں پنجاب کے فنکاروں کے لئے کچھ ایسا کرنا چاہتی ہوں کہ وہ مثال بن جائے،مریم اورنگزیب، عظمیٰ زاہد بخاری، سب ملکر بیٹھیں اور فنکاروں کے لئے پروگرام لائیں۔پنجاب میں کئی دہائیوں کے بعد میلوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا ہے۔مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ 30سال بعد ہارس اینڈ کیٹل شو شروع ہوا، میلہ چراغاں کئی سال بعد بحال ہوا، محمد نوازشریف اور محمد شہبازشریف کی قیادت میں سالوں کا جمود ٹوٹ گیا،ترقی شروع ہوئی۔ اب اکانومی ڈوبنے کی آواز نہیں آتی بلکہ بجلی کے نرخ اور مہنگائی کم ہونے کی باتیں سامنے آرہی ہیں۔ہر وقت کہا جاتا تھا پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا،معیشت تباہ ہو جائے گی لیکن آج مہنگائی میں کمی اور ترقی کی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور انویسٹر پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہرجگہ صفائی،ترقی اور سہولتیں نظر آ رہی ہیں، سٹاک ایکسچینج ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ دُعا ہے کہ ہمارا ملک ہر آنے والے دن میں آگے بڑھے اور ترقی کرے،اقوام عالم میں اپنا مقام بنائے۔ اللہ تعالیٰ پنجاب اور اہل پنجاب کو ہمیشہ ہنستا مسکراتا رکھے۔
٭٭٭٭٭