اقلیتوں کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنا رہے ہیں،اعجاز عالم

  اقلیتوں کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنا رہے ہیں،اعجاز عالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مذہبی اقلیتوں کے لئے وہ تمام اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں جو کہ ماضی میں دیکھنے کو نہیں ملتے تھے اور اسی وجہ سے مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی پیدا ہوچکا تھا تاہم پنجاب بھر میں مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکج کے تحت مذہبی اقلیتوں کے لئے فلیگ شپ پروگرام تاریخ رقم کرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جیل کے ایکٹ پاکستان 1978میں ترمیم کے بعد اب مذہبی اقلیتوں سے منسلک قیدیوں کو دوران قید مسلمانوں کی طرز پر مخصوص مضامین پڑھائے جا سکیں گے جبکہ پنجاب بھر میں ہائر ایجوکیشن سے منسلک تمام تعلیمی اداروں میں مذہبی اقلیتوں کے لئے 2فیصد کوٹہ مختص کیا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے مذہبی قلیتوں سے وابستہ مختلف افراد سے نیو منسٹر بلاک کے دفتر میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہاکہ2019میں مذہبی اقلیتوں کے ہونہار 5000 طلباء پنجاب اسکلز ڈیویلپمنٹ فنڈ) PSDF) کے ذریعے مختلف فنی کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 60ملین کے اکنامک پیکیج کی مدد سے مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی کے خاتمے کیلئے مختلف تہواروں جیسا کہ کرسمس،ہولی اور بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات منعقد کی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی خصوصی کاوشوں سے اعلیٰ تعلیمی سرکاری اداروں میں اقلیتی طلبہ کیلئے داخلوں میں خصوصی کوٹہ کا اہتمام،غیر مسلم قیدیوں کیلئے سزاؤں میں تخفیف/چھوٹ کے نظام کا اہتمام و جائزہ کاری،غیر مسلم طلبہ کیلئے لازمی اسلامیات مضمون کی جگہ اخلاقیات کے مضمون کا اہتمام و عملدرآمد،محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی پنجاب نصاب سازی و ٹیکسٹ بورڈ میں موثر نمائندگی، اقلیتی نوجوانوں کیلئے خصوصی مہارتوں کے نظام(بذریعہ پنجاب سکل ڈیویلپمنٹ فنڈ)جیسے بہت سے بے مثال اقدامات کیئے جا چکے ہیں جبکہ مینارٹی ایجوکیشن اسکالرشپ کے تحت(میٹرک سے لیکر پی ایچ ڈی)05 سالہ پروگرام کے تحت سالانہ 25ملین کی رقم مختص کی گئی ہے، جس سے لاکھوں طلباء مستفید ہورہے ہیں۔