کچھ لوگوں نے بلوچ نوجوانوں کو آزادی کا جھوٹا نعرہ دیکر پہاڑوں پر بھیج دیا،لاپتہ افراد کے حوالے سے آخری حد تک جاؤنگا:میر ضیاء اللہ لانگو
قلات(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کے حوالے سے آخری حد تک جاؤنگا، اس کا رخیر میں کوئی سیاسی مقصد نہیں، اس حوالے سے تمام ادارے میرے ساتھ کھڑے ہیں،کچھ لوگوں نے بلوچ نوجوانوں کو آزادی کا جھوٹا نعرہ دیکر پہاڑوں پر بھیج دیا ،اس کے پیچھے غیر ملکی ایجنسیز بھی تھی، بلوچستان میں پہلے کی نسبت امن امان کافی بہتر ہے، بیلہ کراس حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
دورہ قلات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمیر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کا معاملہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، جب سے میں نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالا ہے تب سے تمام لاپتا افراد کو منظر عام پر لانے کے لیے کوششیں شروع کی ہیں جبکہ اس کوشش کے نتیجہ میں 2 درجن سے زائد لا پتہ افراد اپنے گھروں کو پہنچ گئے،اس کار خیر کے پیچھے کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے یہ سب انسانی ہمدردی اور اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے کررہاہوں اور اس کام میں تمام سٹیک ہولڈرز میرے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے نوجوانوں کو آزادی کا نعرہ دیکر پہاڑوں پربھیج دیا،ان کے اس مکروہ عزائم کو ہمارے سیکیورٹی اداروں نے خاک میں ملادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قلات خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی فہرست میں نہیں ہے تاہم قلات میں خشک سالی سے متاثرہ پندرہ سو خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کیا جائے گا ،قلات سول ہسپتال کے لیے پندرہ سو واٹ کا جنریٹر فراہم کیا جائے گا،قلات لیویز اور پولیس کی کارکردگی بہت اچھی ہے، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرونگا ۔