پیما کی ملک بھر میں پولیو مہم کے دوران عوام سے تعاون کی اپیل

    پیما کی ملک بھر میں پولیو مہم کے دوران عوام سے تعاون کی اپیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (پ ر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے دفتر سے جاری ایک بیان میں، پیما کراچی کے صدر پروفیسرعبداللہ متقی نے ایک ہفتے کے لیے شروع ہونے والی پولیو مہم میں پیما کی جانب سے بالخصوص کراچی اور بالعموم پورے صوبہ سندھ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ یہ مہم ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں 23 مئی سے 28 مئی تک چلائی جائے گی۔ یہ سال کی تیسری پولیو مہم ہے جو پاکستان بھر میں چلائی جا رہی ہے۔  اس مہم کے دوران سندھ کے 30 اضلاع میں 99 لاکھ سے زائد  بچوں کو پولیو سے بچا کے قطروں کے ساتھ وٹامن A کے قطرے بھی دیے جائینگے۔2020  سے لے کر اب تک تقریبا ہر ڈیڑھ مہینے بعد پولیو مہم چلائی گئی ہے جس کی وجہ سے پولیو کیسز میں کمی آئی ہے اور گٹر کے پانی میں بھی پولیو وائرس کی کمی آئی ہے۔سندھ میں جولائی 2020 سے اب تک ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں کیا گیا اور گٹر کا پانی بھی جولائی 2021 سے پولیو وائرس سے پاک ہے۔ 2022 میں پاکستان میں 3 پولیو کیس رپورٹ کیے گئے جس کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اگر باقاعدگی سے پولیو مہم چلائی جائے اور والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تو پولیو سے نجات ممکن ہے۔ پیما کی والدین سے اپیل ہے کہ آگے بڑھ کر اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، گھر آنے والی ٹیموں سے تعاون کریں اور میڈیا سے گزارش ہے کہ اس کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔