آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری ، بابر اعظم ون ڈے بیٹرز میں ٹاپ پوزیشن پر برقرار
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابراعظم پہلی، بھارت کے روہت شرما بدستور دوسری پوزیشن پر ہیں جبکہ اس فہرست میں تیسری پوزیشن پر بھارت کے ہی شبمن گل موجود ہیں۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب ٹاپ ہنڈرڈ کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں، زمبابوے کے خلاف سنچری سکور کرنے کے بعد صائم ایوب رینکنگ میں 90 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے شاہین آفریدی پہلی پوزیشن کھوبیٹھے ہیں، شاہین ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے اور راشد خان ایک درجہ بہتری کے بعد پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ :ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، بھارت کے یشسوی جیسوال 2 درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر جب کہ انگلینڈ کے کین ولیمسن کی تیسری پوزیشن ہے۔
ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے سعود شکیل ایک درجہ بہتری کے بعد 8 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بھمرا ایک بار پھر نمبر ون بولر بن گئے ہیں، بھمرا کی رینکنگ میں 2 درجے ترقی ہوئی ہے جب کہ پاکستان کے نعمان علی کا رینکنگ میں 9 واں نمبر برقرار ہے۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ:ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلے، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید کا پہلا، سری لنکا کے ونندیو ہرسنگا کا دوسرا اور ا?سٹریلیا کے ایڈم زمپا کا تیسرا نمبر ہے۔