52نئے سٹیڈیمز تعمیر کرنے کے ساتھ ریونیو بڑھانے کیلئے فوڈز سٹریٹس اور دکانیں بنائی جائیں گی، وزیرکھیل پنجاب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیرکھیل وامورنوجوانان پنجا ب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ 52نئے سٹیڈیمز تعمیر کرنے کے ساتھ ریونیو بڑھانے کیلئے فوڈز سٹریٹس اور دکانیں بنائی جائیں گی، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیڈیمز کے گرد شاپس بنائی جائیں گی،سپورٹس اور ریونیو کی جانچ پڑتال کیلئے مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس کے اہم امور بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے، اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال،ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری اور ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی نے شرکت کی ہے،صوبائی وزیرکھیل پنجا ب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے بجٹ بڑھانے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے، سپورٹس کی بہتری کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے آئین میں ترامیم کی جارہی ہیں،پنجاب کے تمام سٹیڈیمز میں ریونیوکی موجودہ صورتحال کو جانچنے کیلئے 2کمیٹیاں بنادی گئیں، صوبائی وزیرکھیل پنجا ب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزیدکہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب میں اصلاحات کی جارہی ہیں، سپورٹس اور ریونیو کی جانچ پڑتال کیلئے مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا،ڈپٹی ڈائریکٹرمانیٹرنگ سیل، 2اسسٹنٹ ڈائریکٹرزاورتمام ڈویژنز میں مانیٹرنگ آفیسرز تعینات کیے جائیں گے،کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، گراؤنڈ کی بکنگ ریونیو ودیگر معاملات کیلئے سنٹرل آن لائن سسٹم بنایا جائے گا،پنجاب میں ڈویژنل سپورٹس کمیٹیاں بنائی جائیں گی،سی ایم پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے تحت 6ہزار گریجویٹس کو 25ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔
اجلاس میں نئی پوسٹوں اور افسران کیلئے وہیکلز بارے بھی اہم فیصلے کیے گئے، ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمدکلیم، ڈپٹی ڈائریکٹرزظہور احمد، عطاء الرحمن ویگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔