45 سے زائدیتیم بچیوں کی کفالت کرنے والا مردان کا گھرانا،اخراجات پورے کرنے کیلئے گھر بھی بیچا
مردان (ڈیلی پاکستان آن لائن )مردان میں ایک گھرانے نے یتیموں کی پرورش اور انہیں بہترین تعلیم دلانے کی ذمہ داری اٹھائی ہوئی ہے، یہ گھرانا مردان کے رہائشی انور کمال کا ہے جو پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر ہیں۔
وی نیوز کے مطابق انور کمال اپنے اہل خانہ کے ساتھ مل کر سادات فاونڈیشن نامی ادارہ چلا رہے ہیں جو یتیم بچیوں کی کفالت کا اہتمام کرتا ہے اور انہیں بہترین پرائیویٹ سکولوں میں داخلہ دلوانے کے ساتھ رہنے اور کھانے پینے کی بھی تمام سہولتیں فراہم کرتا ہے۔یہ ادارہ سنہ 2019 سے 45 سے زائد یتیم بچوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے اور ہر یتیم بچی کی کفالت ان کے خاندان کے ایک فرد یا دوست کے ذریعے ہوتی ہے۔ کفالت کی ذمہ داری اٹھانے والے خاندان کے فرد یا دوست احباب کو اس بچی کے تمام اخراجات اٹھانے ہوتے ہیں۔
یتیم بچوں کی کفالت کا خیال انور کمال کو اپنی والدہ کی وفات کے بعد آیا اور وہ یہ کام ان کے ایصال ثواب کے لئے کر رہے ہیں۔ یہ ادارہ چلانے کے لئے ایک موقع پر جب فنڈز کم پڑے تھے تو انہوں نے اپنا آبائی گھر فروخت کر دیا تھا لیکن بچوں کی کفالت کی ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہوئے تھے۔
حال ہی میں اس ادارے کی ایک طالبہ نے کیڈٹ کالج کا انٹری ٹیسٹ پاس کر کے داخلے کے لئے کوالیفائی کیا ہے جس پر انور کمال اور ان کے احباب بیحد خوش ہیں۔