ریلوے کرپٹ ترین دارہ: چیف جسٹس،سپریم کورٹ نے شیخ رشید اور سیکریٹری ریلویز کو آج طلب کر لیا 

ریلوے کرپٹ ترین دارہ: چیف جسٹس،سپریم کورٹ نے شیخ رشید اور سیکریٹری ریلویز کو ...

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) سپریم کورٹ نے ریلوے خسارہ کیس میں  وزیر ریلویز شیخ رشید، سیکریٹری ریلویز و دیگر کو  (آج) منگل کو  طلب کرلیا، چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے ریلوے سے زیادہ کرپٹ پاکستان میں کوئی ادارہ نہیں، ریلوے میں کوئی چیز درست نہیں چل رہی، ریلوے پر سفر کرنیوالا ہر فرد خطرے میں سفر کر رہا ہے، ریلوے میں کوئی چیز درست انداز میں نہیں چل رہی، ہم آج بھی اٹھارویں صدی کی ریل چلا رہے ہیں، مسافر گاڑیوں کا حال دیکھیں۔ پیر کو چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کی،سپریم کورٹ نے ریلوے سے مطلق آڈٹ رپورٹ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے وزارت لینے والے کو پہلے خود ٹرین پر سفر کرنا چاہیے، آپ کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے کے بجائے مینول ہے، ریلوے میں کوئی چیز درست انداز میں نہیں چل رہی، اس سے زیادہ کرپٹ پاکستان میں کوئی ادارہ نہیں،سٹیشن درست ہیں نہ ٹریک اور نہ ہی سگنل، ریل پر سفر کرنے والا ہر فرد خطرے میں سفر کر رہا ہے، ٹرینوں میں نہ مسافر ہیں نہ مال گاڑیاں چل رہی ہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آڈٹ رپورٹ نے واضح کر دیا کہ ریلوے کو اربوں روپے کا خسارہ ہو رہا ہے، انتظامیہ سے ریلوے کا نظام چل ہی نہیں رہا۔چیف جسٹس نے وزیر ریلوے کا نام لئے بغیر ریمارکس دیے کہ ریلوے والا روز حکومت گراتا اور بناتاہے، لیکن وزارت سنبھال نہیں پا رہے، ریلوے کا پورا محکمہ سیاست میں پڑا ہوا ہے، آج بھی ہم پاکستان میں اٹھارھویں صدی کی ریل چلا رہے ہیں، جبکہ دنیا بلٹ ٹرین چلا کر مزید آگے جا رہی ہے، ریلوے میں جو آگ لگی تھی اس معاملے کا کیا ہوا؟۔ریلوے کے وکیل نے بتایا کہ معاملے پر انکوائری ہوئی اور دو افراد کے خلاف کارروائی ہوئی ہے۔ چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چولھے میں پھینکیں اپنی کارروائی، ریلوے کے سی او عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے،، اپنے سی ای او کو بلوالیں، کہاں ہیں وہ؟ وکیل ریلوے نے کہا سی ای او اس وقت لاہور میں ہیں۔وکیل ریلوے نے بتایا کہ نوٹس سابق سی او کو گیا تھا اور وہ اب موجود نہیں۔ عدالت نے   وزیر ریلوے شیخ رشید، سیکریٹری ریلوے، سی او ریلوے سمیت دیگر حکام کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت  (آج) منگل  تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس

مزید : صفحہ اول