پرامن انتخابات کے انعقاد پر پولیس اور سیکورٹی فورسز مبارکباد کے مستحق ہیں
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے نگران وزیراطلاعات و تعلقات عامہ اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ظفر اقبال بنگش نے کہا ہے کہ صوبہ میں پرامن اور شفاف عام انتخابات کے انعقاد پر خیبر پختونخوا پولیس اور سیکیورٹی فورسز سمیت تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92.2 پشاور کے دورہ کے دوران کی، انہوں نے اس موقع پر عام انتخابات 2018 کے حوالے سے مزکورہ ایف ایم ریڈیو پر براہ راست خصوصی میراتھن نشریات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملہ کو مبارکباد دی، انہوں نے خصوصی طور پر عام انتخابات کے روز سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ مسعود احمد کی سربراہی و موجودگی میں نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ ہیڈ کوارٹر آفس، ریجنل انفارمیشن دفاتر اور ایف ایم ریڈیوز پشاور، مردان، کوہاٹ، سوات کے عملہ کی پولنگ کے عمل سے متعلق بروقت معلومات کا حصول اور میڈیا مانیٹرنگ کے نظام پر خراج تحسین پیش کیا۔ظفر اقبال بنگش کا کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات حکومتی اقدامات سے متعلق میڈیا اور عوام کو معلومات کی فراہمی میں اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد کی سربراہی میں صوبائی وزراہ صوبہ بھر میں پولنگ کے آغاز سے اختتام تک بلا تعطل سارے عمل کی مانیٹرنگ کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات اورسیکرٹری محکمہ اطلاعات عام انتخابات کے روز محکمہ اطلاعات پشاور کے میڈیا سیل میں موجود رہے اورمیڈیا رپورٹنگ، مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیتے رہے۔