ٹیکنیکل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے

ٹیکنیکل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ نوجوانو ں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکتاہے۔پنجاب میں ٹیکنیکل اور انجینئرنگ کے معیاری اداروں کا قیام ناگزیر ہے اور اس ضمن میں جرمن تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔وزیراعلی آفس میں جرمنی کے سفیرمارٹن کابلر سے ملاقات کے دوران نگران وزیراعلی ڈاکٹر حسن عسکری نے باہمی دلچسپی کے اموراوردو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر جرمن سفیر مارٹن کابلر نے ڈاکٹر حسن عسکری کو نگران وزیراعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباددی اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔نگران وزیراعلی ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یورپی مارکیٹ میں پاکستان کی رسائی بہتر بنانے میں جرمنی کا کردار قابل تحسین ہے،پاکستان میں بہت سی جرمن کمپنیاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں تاہم جرمنی او رپاکستان کے درمیان تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔پنجاب سمیت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ اوربہترین مقام ہے۔ انہوں نے کہاکہپاکستان کی 60فیصد آبادی پر مشتمل نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ دراصل تعمیر پاکستان کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔جرمنی کے تعاون سے پنجاب میں ٹیکنیکل اورانجینئرنگ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ نگران وزیراعلی نے کہاکہ جرمنی پوری دنیا میں ٹیکنیکل اورانجینئرنگ ایجوکیشنل میں لیڈ کررہا ہے۔ٹیکنیکل اور انجینئرنگ کی فیلڈ میں جرمنی کی ترقی قابل تقلید ہے ۔ٹیکنیکل اور انجینئرنگ کے جرمن ادارے معیاری ریسرچ اورتعلیم کے مواقع فراہم کرتے ہیں ۔سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام میں جرمنی پنجاب حکومت کو تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے فریم ورک میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز سے نبھائیں گے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے جرمن سفیر مارٹن کابلر سے ملاقات کے دوران جرمنی میں اپنے قیام کی یادیں تازہ کیں ۔ نگران وزیر اعلی ڈاکٹر حسن عسکری نے بتایا کہ جرمنی کی معروف درسگاہ ہائیڈل برگ میں تین سال اقبال چیئر پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔ جرمن سفیر مارٹن کابلر نے اس پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ڈاکٹر حسن عسکری سے ان کے مزید تاثرات بھی جاننا چاہیں گے ۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے بتایا کہ میں نے قیام کے دوران جرمن زبان سیکھی لیکن میں لیکچر انگلش میں دیا کرتا تھا ۔ ہائیڈل برگ میں مختلف اقوام کے لوگوں سے سماجی رابطوں کا موقع ملا ۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال نے 1907ء میں دریائے نکرکے کنارے نظم میں جن خیالات اور محسوسات کا اظہار کیا وہ آج کے حالات پربھی صادق آتے ہیں ۔ انہوں نے ڈاکٹر اینامیری شمیل کی اقبالیات کے فروغ کیلئے خدمات کا ذکر کیا ۔ جرمن سفیرمارٹن کابلر نے ڈاکٹر حسن عسکری سے ملاقات کے دوران پرجوش جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ میں آپ کے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہونے والے تجزیوں سے مستفید ہوا ہوں اور آپ کے جاندار تجزیوں سے متاثر ہوں اور مستقبل میں بھی مستفید ہونا چاہوں گا۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کااظہارکیا ہے ۔نگران وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثات میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اوربارشوں کے پیش نظر انتظامیہ اورمتعلقہ محکمے چوکس رہیں۔ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔
حسن عسکری

مزید :

صفحہ اول -