کمزور صحت کی علامت!

کمزور صحت کی علامت!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیڑھیاں چڑھنے کے بعد آپ کی سانس پھول جاتی ہے یا ایسا لگتا ہے کہ آپ کے لئے سانس لینا ہی مشکل ہو رہا ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر یہ جسم کے اندر چھپی کسی بیماری کی جانب اشارہ بھی ہو سکتا ہے۔آیئے جانتے ہیں کہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟یہ خیال رہے کہ سانس کا پھول جانا مخصوص حالات میں جسم کا عام ردعمل ہوتا ہے، جیسے سخت ورزش کے دوران سانس لینے کی رفتار بڑھ جاتی ہے تاکہ خون میں آکسیجن کی مقدار بڑھ سکے،لیکن سانس پھولنے کا سامنا ایسے کاموں کے دوران ہو جن میں پہلے کبھی مسئلہ نہیں ہوتا تھا، جیسے سیڑھیاں چڑھنے کے دوران، تو یہ جسم میں چھپی کسی بیماری کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر اگر سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ہر بار سانس پھولنے کا سامنا ہو تو یہ ضرور خطرے کی گھنٹی ہے، کیونکہ کوئی کام بار بار کرنے سے جسم اس کا عادی ہو جاتا ہے، اس لئے صحتمند افراد کو روزانہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے سانس پھولنے کا سامنا نہیں ہوتا۔
پھیپھڑوں یا نظام تنفس کے مسائل : نظام تنفس کو پھیپھڑوں، دماغ اور سینے کے مسلز کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ جسم سے کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کر سکے اور خون کو آکسیجن فراہم کر سکے۔اس نظام کو پہنچنے والے ہر نقصان سے سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے، خاص طور پر پھیپھڑوں پر ورم یا رکاوٹ سے سانس زیادہ پھولنے لگتا ہے۔ 
دِل کی شریانوں کے مسائل : دِل کی شریانیں پھیپھڑوں سمیت پورے جسم کو خون فراہم کرتی ہیں، ان کو پہنچنے والے نقصان سے بھی سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔
جسمانی وزن بڑھ جانا : جسمانی وزن بڑھ جانے سے بھی سیڑھیاں چڑھنا مشکل ہوتا ہے ،ایسا کرنے پر بہت جلد سانس پھول جاتی ہے۔
جسمانی فٹنس میں کمی : اگر آپ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کے عادی ہیں تو معمولی کاموں سے بھی سانس پھولنے لگتا ہے۔البتہ جسمانی فٹنس بہتر بنانے سے اس مسئلے پر قابو پانا آسان ہو جاتا ہے۔
خون کی کمی : جسم میں خون کی کمی کے باعث بھی تھکاوٹ، سانس پھولنے اور سینے میں تکلیف جیسی علامات کا سامنا ہو سکتا ہے۔عموماً آئرن کی کمی کے باعث خون کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔ اس کا فوری علاج نہ کرایا جائے تو امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
دمہ : دمہ کے مریضوں کا سانس بھی سیڑھیاں چڑھنے کے دوران پھول جاتا ہے۔اسی طرح گردوں اور جگر کے امراض کے شکار افراد کا سانس بھی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے پھولتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ان امراض کے دوران اکثر جسم میں اضافی مقدار میں سیال جمع ہونے لگتا ہے جس کے باعث عام جسمانی سرگرمیاں بھی مشکل محسوس ہونے لگتی ہیں، لہٰذا ایسے تمام افراد جن کا سیڑھیاں چڑھتے ہوئے سانس پھول جاتا ہے، انہیں فوری طور پر کسی مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے، اپنے مکمل ٹیسٹ کروائیں تاکہ کسی بڑی بیماری کے اثرات ظاہر ہوں تو اس کا علاج ممکن ہو سکے۔