عوامی امور پر نظر ہے، تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، ہر آنیوالے دن میں بہتری آ رہی ہے:مریم نواز
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں سکول بلڈنگز کی چیکنگ کا حکم دیاہے-مخدوش اور خستہ حال عمارتوں میں بنے سکول سیل کرنے کی ہدایت کی ہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سکولوں کی صفائی کی صورتحال کی چیکنگ کی ہدایت کرتے کہاکہ عوامی امور پر نظر ہے، تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں -مجھے یقین ہے کہ کچھ سالوں میں شکایات برقرار نہیں رہیں گی -شاباش دینے میں کنجوس نہیں، چیزوں کو بہتر کرنے کے لیے سخت رویہ اپنانا پڑتا ہے - ہر آنے والے دن میں بہتری آ رہی ہے -انہوں نے کہاکہ پولیس کو عوام میں ریلیف اور مجرموں میں خوف کا احساس پیدا کرنا چاہیے - جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت ترین اور فیصلہ کن کارروائی کر کے خوف زدہ کیا جائے - جرائم بر خلاف پراپرٹی کے رجحان پر قابو پایا جائے -
وزیر اعلیٰ نے مظفر گڑھ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات کی-ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کیں -وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی کی تجاویز پر مظفر گڑھ کے مرکزی روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی یقینی بنانے کا حکم دیا-وزیر اعلیٰ نے مظفرگڑھ کے مرکزی علاقوں میں تجاوزات اور ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کیااورتجاوزات کے خاتمے کے لئے فوری طور پر مہم شروع کرنے کا حکم دیا-
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں کرپٹ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے-وزیر اعلیٰ نے لینڈ ریکارڈ سینٹرز کے بارے میں عوامی شکایات پر برہمی کااظہار کیا-وزیراعلی نے کہاکہ مظفر گڑھ میں نو گو ایریا ختم ہونا قابل اطمینان ہے، اسے بحال رکھا جائے - سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں ڈائیلسیز کی سہولت کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا-
وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے روٹی، آٹا اور اشیا ئےخورو نوش کے نرخ کے بارے میں بھی دریافت کیا -ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ نے سی ایم انیشیٹیوز پر رپورٹ پیش کی جبکہ ڈی پی او مظفرگڑھ نے امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا -
سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، معاون خصوصی ذیشان ملک، ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری،سیکرٹری پی اینڈ ڈی، کمشنر ڈی جی خان، آر پی او اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے-