جمشید دستی نے پولیس افسران کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا
مظفر گڑھ (ویب ڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے پولیس افسران کے خلاف مقدمے کےلیے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
مظفر گڑھ میں پریس کانفرنس کے دوران رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ عام انتخابات پاکستان کی تاریخ کے شرمناک الیکشن تھے, مجھے الیکشن 2024ء میں انتخابی نشان ’با جا‘ دیا گیا، وہی میں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی تقریر کے دوران بجادیا۔جمشید دستی نے یہ بھی کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اور دیگر پولیس افسران کے خلاف مقدمے کے اندارج کےلیے عدالت جارہا ہوں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مار کر اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے ساتھ قیمتی سامان چوری کیا گیا ہے, کسانوں نے گندم کی کٹائی کرلی ہے مگر حکومت گندم نہیں خرید رہی۔ اس وقت کسانوں کی آنکھوں میں خون اور آنسو ہیں۔