ڈومیسٹک سیزن کیلئے 6ایسوسی ایشنز کی کرکٹ ٹیموں کا اعلان 

ڈومیسٹک سیزن کیلئے 6ایسوسی ایشنز کی کرکٹ ٹیموں کا اعلان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے 6 ایسوسی ایشنز کی کرکٹ ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ سیزن کا  آغاز 30 ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی کپ سے ہوگا۔ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرامرحلہ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سیزن کے مکمل شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔تمام کھلاڑیوں کا 12 ماہ پر مشتمل کنٹریکٹ یکم اگست 2020 سے 31 جولائی 2021 تک نافذالعمل ہوں گے۔ٹیموں کا انتخاب تمام ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز، جوکہ قومی سلیکٹرز بھی ہیں، نے کیا ہے۔اس عمل کے دوران تمام کوچز نے مقامی کھلاڑیوں کے انتخاب کو ترجیح دی ہے۔تمام کوچز نے اسکواڈز کاانتخاب،تمام کھلاڑیوں کی گذشتہ 2 سالہ کارکردگی خصوصا ً ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ابتدائی طور پر ہر کوچ  نے اپنی ایسوسی ایشن کے گذشتہ اسکواڈ میں شامل زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا، بعدازاں تمام سلیکٹرز (ہیڈ کوچز)نے ایونٹ میں مقابلے کی فضاء  کو بڑھانے کے لیے باہمی مشاورت سے بقیہ کھلاڑیوں کو ایک ایسوسی ایشن سے دوسری میں منتقل کردیا۔ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والیکرکٹرز سمیت 34 نئے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ پیش کیے جارہے ہیں۔گذشتہ سیزن میں شریک 192 کھلاڑیوں میں سے 158 کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی فہرست میں برقرا ر رکھا گیا ہے۔ہر ایسوسی ایشن کے اسکواڈ میں 45 ڈومیسٹک کرکٹرز کے علاوہ سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ مقامی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اعلان کردہ 45 رکنی اسکواڈ میں 32 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ پیش کیا جائے گاجبکہ بقیہ 13 کرکٹرزسیزنل کنٹریکٹس کے تحت ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے دوران مختلف طرز کی کرکٹ کے لیے اپنی متعلقہ ایسوسی ایشن کو دستیاب ہوں گے کوچز کا کہنا ہے کہ میرٹ پر کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ یہ میچز میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔