قبائلی عوام سیاسی طور پر بیدار ہوچکے ہیں ،وزیر محمد صافی
مہمند ( نمائندہ پاکستان) مہمند، قبائلی عوام اب سیاسی طور پر بیدار ہو چکے ہیں۔ پاکستان عوامی انقلاب لیگ پارٹی اپنے منشور اور انتخابی نشان کے تحت صوبائی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ قبائلی اضلاع میں مردم شماری کو سیاسی بنیادوں پر کر کے صوبائی نشستوں میں اضافہ کی جائے۔ پارٹی کی جانب سے ضلع مہمند کیلئے وزیر محمد صافی صدرجبکہ عبدالرازق جنرل سیکرٹری منتخب کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی انقلاب لیگ کے مرکزی صدر عطاء اللہ افریدی، کونسل ممبر نیاز ولی ،باڑہ ڈویژن کے صدر ہمایون، رحمت میموریل ٹرسٹ کے صدر عصمت اللہ ، جنرل سیکرٹری عامر خان آفریدی، ضلع مہمند کے صدر وزیر محمد صافی، جنرل سیکرٹری عبدالرازق حلیمزئی ، جنرل سیکرٹری تحصیل حلیمزئی بختور شاہ و دیگر نے مہمند پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی انقلاب لیگ پارٹی قبائلی اضلاع کے حقوق کیلئے بھر پور جدوجہد کر رہی ہے۔ اور آئین و قانون کے تحت قبائلی عوام کی آوازپارلیمینٹ اور اعلیٰ ایوانوں تک پہنچائینگے۔ کیونکہ فاٹا انضمام کے وقت حکومت نے جو وعدے کئے تھے ابھی تک ایفاء نہ کر سکیں۔ قبائلی اضلاع میں مردم شماری بھی غلط طریقے سے کیا گیا ہے۔ سیاسی بنیادوں پر مردم شماری ہونی چاہئے۔ تاکہ صحیح اعداد و شمار کا پتہ چل سکے کہ قبائلی علاقوں کی آبادی موجودہ وقت میں کروڑ سے تجاوز کر گیا ہے۔ مگر حکومت نے قبائلی اضلاع کیلئے 16 صوبائی نشستوں کا اعلان کر کے ہمارے ساتھ سراسر نا انصافی کی ہے۔ حکومت صحیح حلقہ بندی کر کے صوبائی اسمبلی کے نشستوں میں اضافہ کریں۔ ذہین قبائلی طلباء کیلئے سکالر شپ کا اعلان کیا جائے۔ قبائل کے فیصلے قبائلی عوام ہی کے مشوروں سے کیا جائے کیونکہ آج کل قبائل کو بے شمار مشکلات و مسائل کا سامنا ہے وہ روز مرہ زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہے۔ پولیس نظام کو اس وقت تک لاگو نہ کیا جائے جب تک قبائل کے ساتھ مشاورت نہ کی جائے۔ ہم فاٹا کے الگ حیثیت کیلئے پارلیمینٹ میں آواز اُٹھائینگے۔ آخر میں پارٹی نے ضلع مہمند کیلئے وزیر محمد صافی کوصدر، عبدالرازق کو جنرل سیکرٹری کا انتخاب کیا۔ جبکہ تحصیل حلیمزئی کیلئے بختور شاہ کو جنرل سیکرٹری چن لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت جلد تمام ٹرائبل ڈسٹرکٹس کے وکلاء، مشران، صحافیوں، مختلف پارٹیوں کے نمائندوں، ایم این ایز اور سابقہ پارلیمنٹیرینز پر مشتمل ایک بڑے جرگے کا انعقاد کرینگے۔ انہوں نے ضلع مہمند میں دونوں حلقوں سے صوبائی اسمبلی الیکشن لڑنے کیلئے نمائندے کھڑے کرنے کا اعلان کیا۔