ساہیوال واقعہ ،کیس انسداد دہشت گردی عدالت میں چلایا جائیگا،وزیراعلیٰ

ساہیوال واقعہ ،کیس انسداد دہشت گردی عدالت میں چلایا جائیگا،وزیراعلیٰ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ساہیوال میں پیش آنیوالا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ذمہ داروں کیخلاف کیس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائے گا،متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں مولانا طاہر محمود اشرفی سے ملاقات کے دوران کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں تحمل، برداشت اور بھائی چارے کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اورعلمائے کرام نے ہمیشہ رواداری اور یکجہتی کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ علمائے کرام کی مشاورت سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات کریں گے جبکہ امن کمیٹیوں میں بھی مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کو شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر مولانا طاہر محمود اشرفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ علمائے کرام امن، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ میں حکومت کے ساتھ ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے اعلیٰ سطحی اجلاس میں انٹرنیشنل لائیوسٹاک شو/ انٹرنیشنل بفلو کانگریس کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لائیوسٹاک سیکٹر میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے جبکہ لائیوسٹاک سیکٹر میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر بہت توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر ڈویژن میں بھی اس طرح کے بین الاقوامی ایونٹ کرائے جائیں اوراس ضمن میں باقاعدہ پلان تیار کیا جائے۔دریں اثناپنجاب اسمبلی نذیر احمد چوہان اور چودھری فیصل فاروق چیمہ سے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کی گنجائش ہے نہ کرپٹ عناصر کی۔ وزیراعظم کی قیادت میں ایسا پاکستان بنے گا جہاں عام آدمی کو تمام سہولیات میسر آئیں گی جبکہ شور مچانے والے پیچھے رہ جائیں گے اور عمران خان کا نیا پاکستان آگے بڑھے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان ایتھانول مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو مسائل سے آگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے جائز مسائل کے حل کرنے کیلئے اپنا کردارادا کروں گا۔ مسائل کے حل میں دلچسپی ظاہر کرنے پرشیخ محمد سعید، چوہدری محمد وحید، میاں محمد رشید،اظہار الحسن، تراب علی، محمد ندیم فاروقی، میجر (ر) حمید اللہ اور ارشد جاوید کیانی نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کیلئے پنجاب حکومت کوئٹہ میں کارڈیک سینٹر بنائے گی اوریہ کارڈیک سینٹر پنجاب حکومت کا بلوچستان کے عوام کیلئے خیر سگالی کا تحفہ ہوگا۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کے محکمہ صحت کے حکام نے گزشتہ دنوں کوئٹہ کا دورہ کیا اورمحکمہ صحت پنجاب کے حکام نے کوئٹہ میں کارڈیک سینٹر کی تعمیر کیلئے قطعہ اراضی کے مختلف مقامات دیکھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے لاہور سمیت دیگر شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی کے واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -