سانحہ ساہیوال ، جاں بحق افراد کے سر میں گولیاں ماری گئیں ، پوسٹمارٹم رپورٹ

سانحہ ساہیوال ، جاں بحق افراد کے سر میں گولیاں ماری گئیں ، پوسٹمارٹم رپورٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور،اسلام آباد (کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چاروں افراد کے سر میں گولیاں ماری گئیں۔ نجی چینل کو موصول ہونے والی پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق 13 سالہ اریبہ کو 6 گولیاں لگیں جس سے اس کی پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں، اریبہ کو سینے میں دائیں اور بائیں بھی گولیاں لگیں۔نبیلہ کو چار گولیاں لگیں جن میں سے ایک گولی سر میں لگی، خلیل کو 11 گولیاں ماری گئیں جن میں سے ایک سر میں لگی،ڈرائیور ذیشان کو 13 گولیاں لگیں، سر میں لگنے والی گولی سے ہڈیاں باہر آگئیں۔چاروں افراد کو بہت قریب سے گولیاں ماری گئیں، قریب سے گولیاں مارنے کی وجہ سے چاروں لوگوں کی جلد مختلف جگہ سے جل گئی۔دوسری جانب سانحہ ساہیوال میں تین گھنٹے کے دورانیے میں صرف دو عینی شاہدین نے بیان قلمبند کروائے۔ ہیومن رائٹس کمیشن کے ممبران نے بھی تھانہ یوسف والا ساہیوال میں سانحہ ساہیوال کے حوالے سے جے آئی ٹی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق سانحہ ساہیوال کے حوالے سے عینی شاہدین کو گیارہ بجے تھانہ یوسف والا طلب کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے اخبارات میں اشتہار بھی شائع کیا گیا لیکن عوام پولیس سٹیشن جانے سے خوف میں مبتلا ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کو موقع پر آ کر عینی شاہدین کے بیان قلمبند کرنے چاہیے تھے کیونکہ ہمیں تھانے آ کر بیان دینے سے ڈر لگتا ہے۔ سانحہ ساہیوال پر سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ امور کا دوسرا اجلاس آج ہو گا، پنجاب حکومت سے اہم سوالات کے جوابات طلب کئے گئے ہیں۔ اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عبدالرحمن ملک کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔ پنجاب کے سیکرٹری ہوم آئی جی پی، ڈی آئی جی اور ڈی پی او ساہیوال کو اجلاس کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں۔
پوسٹمارٹم رپورٹ

مزید :

صفحہ اول -