کمزور نظر والوں کے لئے بغیر شیشے کے عینک جو ان کی بینائی بھی ٹھیک کرسکتی ہے

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کمزور نظر والے افراد اب تک نظر کے روایتی چشمے پہنتے آ رہے تھے لیکن اب ان کے لیے ایک ایسی عینک تیار کر لی گئی ہے جو بظاہر دھوپ کے چشمے جیسی ہے اورباقاعدہ استعمال سے لوگوں کی بینائی بھی ٹھیک کر سکتی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس عینک میں ایسے پلاسٹک لینز لگائے گئے ہیں جن میں چھوٹے چھوٹے متعدد سوراخ کیے گئے ہیں۔یہ عینک ایمازون اور دیگر ایسی ویب سائٹس پر 5پاﺅنڈ (تقریباً 900روپے)تک فروخت کی جا رہی ہے۔
ان ویب سائٹس پر عینک کے اشتہار میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لینز میں موجود چھوٹے چھوٹے سوراخ نظر کو دور و نزدیک کی اشیاءپر فوکس کرنے کا کام کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے آنکھ کے پٹھوں کی ورزش بھی ہوتی ہے جس کے نتیجے میں کمزور نظر والے لوگوں کی بینائی مستقل طور پر ٹھیک ہو جاتی ہے۔ ان ویب سائٹس کے مطابق جن لوگوں نے یہ عینکیں خریدی ہیں انہوں نے ان پر اپناردعمل دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس عینک کے2سے 4ہفتے کے استعمال سے ہی ان کی بینائی میں واضح بہتری آ گئی۔آنکھوں کے پٹھوں کی ورزش کے ذریعے بینائی بہتر ہونے کا نظریہ ویلیم بیٹس نامی امریکی ماہر بصریات نے گزشتہ صدی میں دیا تھا اور یہ عینک اسی نظرئیے کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائی گئی ہے۔