والد عامر خان کی طرح مسٹرپرفیکشنسٹ نہیں ہوں، جنید خان
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی ووڈ کے سپر سٹار عامر خان کے بیٹے جنید خان نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد کی طرح مسٹر پرفیکشنسٹ نہیں ہیں، زندگی کو خوب انجوائے کررہا ہوں۔
عامر خان کے بیٹے جنید خان کی پہلی فلم مہاراج ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کی گئی ہے، 1800ء کی دہائی کے بمبئی سے جڑے سچے واقعات پر یہ فلم بنائی گئی ہے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں جنید خان نے کہا کہ وہ اپنے والد عامر خان کی طرح مسٹر پرفیکشنسٹ تو نہیں ہیں، کیونکہ زندگی ہر ایک کیلئے مختلف طریقے سے گزرتی ہے اور میں اسے بھرپور طریقے سے انجوائے کررہا ہوں۔جنید خان نے یہ بھی کہا کہ میں 2017 سے ممبئی میں تھیٹر کر رہا ہوں، فلم کے ڈائریکٹر سدھارتھ ملہوترا چاہتے تھے کہ میں یش راج فلم ایک بڑے بینر کی اس فلم میں کام کروں۔فلم میں کام کرنے کے تجربے سے متعلق عامر خان کے بیٹے نے بتایا کہ سدھارتھ سر نے مجھ سے اس فلم میں کام کرنے کیلئے پوچھا اور ٹیسٹ کرنے کا کہا تھا تو میں نے اسے روایتی یا غیر روایتی نہیں سمجھا۔
اداکار نے مزید کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نے مجھے رومانوی ڈراموں میں نہیں دیکھا، مگر ایک اداکار کو جو کام ملے وہ کرنا پڑتا ہے اور اس فلم کا اسکرپٹ بھی کافی زبردست تھا۔