پی ڈی ایم نے قاسم باگ سٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا،کارکنوں نے تالے،رکاوٹیں تور کر 2روز قبل استقبالیہ کیمپ لگا لیا،ضلعی انتظامیہ نے بجلی کنکشن کات دیئے،کرین،جنریٹر ضبط،صورتحال کشیدہ

 پی ڈی ایم نے قاسم باگ سٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا،کارکنوں نے تالے،رکاوٹیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (بیورورپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر جلسوں کی اجازت نہ دینے کے باوجود اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کارکنوں نے ملتان جلسے سے 2 روز قبل ہی رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم پہنچ کر استقبالی کیمپ لگا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے 30 نومبر کو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم انتظامیہ نے اسکی اجازت نہ دیتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں،ملتان میں اپوز یشن کے اعلان کردہ جلسے کے حوالے سے گزشتہ چند روز کے دوران اپوزیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان محاذ آرائی شدت اختیار کرلی ہے۔ حکومت نے کورونا ایس او پیز کے تحت جلسے کی اجازت نہیں دی اور ملتان ڈویژن میں کورونا ایس پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 9 مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ جلسہ ضرور ہوگا، اپوزیشن کی تحریک پی ڈی ایم کی جانب سے 30 نومبر کو جلسے کے اعلان کے بعد سے ملتان توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جلسے کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہوگئیں ہیں،ہفتہ کو پیپلزپارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی کی قیادت میں ریلی گھنٹہ گھر چوک پر پہنچی جہاں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد بھی ریلی شامل ہوگئی، مسلم لیگ (ن) کی ریلی کی قیادت عبدالرحمان کانجو اور طارق رشیدکررہے تھے جس کے بعد شرکا ء جلسہ گاہ پہنچے، جہاں پولیس کی جانب سے انہیں روکنے کی کوشش کی گئی جس پر دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تاہم ریلی کے شرکا رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے جلسہ گاہ قلعہ کہنہ قاسم باغ میں تالے توڑ کر داخل ہوئے اور وہاں استقبالیہ کیمپ لگا لیا،بعد ازاں جے یو آئی (ف) کے قافلے بھی سٹیڈیم میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔شرکا کی جانب سے رکاوٹیں ہٹانے کیلئے ایک کرین بھی ساتھ لائی گئی تھی جسے ملتان پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا،جبکہ پی پی رہنما عبد القادر گیلانی بھی گھنٹہ گھر سے جلسہ گاہ پہنچے۔علاوہ ازیں جلسہ گاہ پہنچنے والے علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہم جلسہ گاہ میں آچکے ہیں اور اب 30 نومبر تک یہیں پر رہیں گے۔ ملتان کے تمام کارکنان جلسہ گاہ کی طرف آرہے ہیں اور 30 نومبر کو یہیں جلسہ ہوگا اور ہم اپنے قائدین کا یہیں انتظار کریں گے۔میڈیا سیل پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا موسیٰ گیلانی کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کا انتظام سنبھال لیا اور سٹیڈیم یں استقبالیہ کیمپ بھی لگا دیا ہے۔  پی ڈی ایم کے 30 نومبرکو ملتان ہونیوالے جلسے کیلئے تیاریاں جاری ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے جلسہ گاہ میں بجلی کے کنکشن کاٹ دیے ہیں۔قاسم باغ سٹیڈیم میں موجود کارکنوں نے الزام لگایا ہے کہ جلسے کیلئے لایا گیا سامان پولیس نے قبضے میں لے لیاہے اور بجلی کے کنکشن کاٹے جانے کے بعد جلسے کی تیاریوں کیلئے جنریٹر پہنچادیا گیا ہے۔ دوسری جانب کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے کورونا کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کو ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی آر درج کروانے کا حکم دیا ہے، کسی عوامی مجمع یا خفیہ میٹنگ کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔پولیس کی بھاری نفری بھی گھنٹا گھر چوک ملتان پر تعینات تھی اور ٹریفک پولیس نے روڈ سے ٹریفک اور گاڑیاں ہٹائیں۔  جبکہ پولیس نے مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان کو جلسہ گاہ جانے سے روک دیا۔ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کٹھ پتلیاں جیالوں سے خوفزدہ ہیں، جو کرنا ہے کر لیں، 30 نومبر کو پی ڈی ایم کیساتھ یوم تاسیس منانے سے پیپلز پارٹی کو کوئی نہیں روک سکتا۔دوسری جانب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ڈان کو بتایا کہ یہ جلسہ ہر صورت قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک وزیر نے کہا کہ جلسے میں حادثہ ہو سکتا ہے، حکومت بتائے اب تک اس حوالے سے کیا کیا گیا ہے، سیکیورٹی پر توجہ نہیں دی جا رہی بلکہ حکومت کا زور پکڑ دھکڑ پر ہے۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کیا متعلقہ وزیر نے یہ بات کابینہ کو اور ایجنسیوں کو بتائی؟انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے جنریٹر والوں کو کہا کہ جلسہ گاہ کے لیے بجلی کی فراہمی منقطع کر دی جائے گی تو کوئی جنریٹر فراہم نہ کرے، اس کے علاوہ گرفتار کارکنوں سے پولیس زبردستی بیان حلفی لے رہی ہے کہ وہ پنجاب حکومت کے خزانے میں 10 لاکھ جمع کرائیں گے اگر انہوں نے جلسے میں شرکت کی۔ان کا کہنا تھا کہ میرے گھر کے باہر کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں جبکہ ورکرز کی فہرستیں بنا کر انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا قاسم باغ اسٹیڈیم نہ کھولا گیا تو پھر پورے ملتان میں جلسہ ہو گا۔
پی ڈی ایم جلسہ

مزید :

صفحہ اول -