پہلگام فالس فلیگ حملے کے بعد مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم بڑھا دیئے، نیو یارک ٹائمز نے پردہ فاش کردیا

لاہور ( طیبہ بخاری سے )پہلگام فالس فلیگ حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم میں تیزی ، نیو یارک ٹائمز نے پردہ فاش کردیا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق پہلگام فالس فلیگ حملے کے بعد بھارت کی مودی سرکار اور انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کیخلاف مہم تیز کر دی ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں مسلمانوں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے گھر تک مسمار کردیئے گئے۔مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کیخلاف کریک ڈاؤن پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ء کی ڈپٹی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی کا کہنا ہےکہ’’پہلگام میں حملہ کو اقلیتی گروپوں پر انتقامی کارروائیوں کے جواز کے طور پر نہیں استعمال کیا جانا چاہیے۔ایسا کرنے سے مسلمانوں کیخلاف انسانی حقوق کی پامالیوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔مسلمانوں کیخلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل بھی متوقع ہے۔‘‘
دوسری جانب دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی جریدے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر مظالم کی گواہی مودی کی جارحیت کا ثبوت ہے، مودی کے پہلگام فالس فلیگ کو بہانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے گھر مسمار کرنا انتہائی بزدلانہ اقدام ہے۔