اسلام آباد میں عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل

اسلام آباد میں عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)عید الضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں اور آلائشیں اٹھانے کے لیے صفائی کا عملہ خصوصی آپریشن کرے گا اور عید کی تعطیلات کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے،صفائی سے متعلقہ عملے اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، صفائی کا یہ خصوصی آپریشن عید الضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بھر پور طریقہ سے جاری رہے گا تاکہ اسلام آباد میں ماضی کی طرح عید قربان کے موقع پر شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔بروز منگل میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں عید کے موقع پر صفائی کے خصوصی آپریشن کے انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے چیف آفیسر اسد محبوب کیانی ، ڈائریکٹر جنرل سوک مینجمنٹ اور ڈائریکٹر سینی ٹیشن کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز کو عید کے موقع پر خصوصی آپریشن کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات میں متعلق آگاہ کیا گیا ۔انہیں بتایا گیا کہ ان کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ آف سینی ٹیشن نے اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائیشیں اُٹھانے کیلئے جو خصوصی انتظامات کیے ہیں ان کے مطابق شہر کو چھ(06)زون میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔ زون ون میں ایف فائیو ، ایف سیکس ، بلیو ایریا، سید پور اور بری امام ، زون ٹو میں فیسل مسجد ، ای سیون ، ایف سیون ، ایف ایٹ اور جی ایٹ ، زون تھری میں ایف ٹین ، ایف الیون ، گولڑہ شیریف، شاہ اللہ دتہ ،زون فور،جی نائن جی ٹین ، جی الیون وغیرہ ،زون فائیو میں ایچ ایٹ ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون ، آئی ایٹ ، آئی نائن ، آئی ٹین ، آئی لیون ، اور زون سکس میں ہائی وے ، ماڈل ویلج ہمک ، شہزاد ٹاؤن ، راوال ٹاؤن اور مارگلہ ٹاؤن کے علاقے شامل ہیں ، ایکش پلان کے مطابق سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے 2000سے زائد خاکروب ، سپر وائزر سٹاف، ٹھیکیداروں کا سٹاف ، اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کر کے شہر کو صاف رکھنے کے فرائض سر انجام دے گا، جبکہ سینی ٹیشن ، انوائرنمنٹ ، انفورسمنٹ اور MPOسمیت مختلف ڈائریکٹوریٹس کی 200سے زائد گاڑیاں ، ٹریکٹر ٹرالیاں ، گاربیج کمپیکٹر ، سکیپ لفٹر ، ٹرک ، ڈمپر ، فرنٹ لوڈر ، شاول ، اور ڈوزر وغیرہ اس مہم میں شامل ہونگے ، مزید براں سینی ٹیشن کے ٹھیکیدار اپنے سکیٹرز میں اضافی سٹاف اور مشینری کا استعمال یقینی بنائیں گے ، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ علاوہ ازیں قربانی کے جانوروں کی اجڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 25مختلف مقامات پر 60سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں۔ مزید براں 2ایمریجنسی سیل قائم کر دئیے گئے ہیں، جو کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع G-6/1-4اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فا ئر ہیڈ کواٹر G-7/4،میں دن رات کام کریں گے ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں،ان کی اجڑیاں اور دیگر آلائشیں وہی رکھیں تاکہ عملہ صفائی اس کو فوری طور پر اٹھا کر لے جائے ، اوجڑیاں نالوں ، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں ، کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں اور سکیپو ں میں بھی نہ ڈالیں اور کسی قسم کی شکایت کی صورت میں شہری سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی ہیلپ لائن نمبر 1334یا 051-9213908،0335-5001213ڈائریکٹوریٹ 051-9211555ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن 051-9206102کے نمبر ز پر رابطہ کریں ۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد نے مزید کہا کہ شہریوں کے بھر پور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کر کے اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھا جا سکتا ہے۔