چھٹے اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کچھ عرصہ قبل ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کے لئے ایکسپورٹ ٹرافی کا جو اجراء کیا تھا باقاعدگی سے یہ سلسلہ جاری ہے اور اس کاوش سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا، کیونکہ حوصلہ افزائی کی وجہ سے ایکسپورٹ میں اضافے کا ماحول مہیا کیا گیا۔
اب چند روز پہلے کراچی گورنر ہاؤس میں چھٹے اچیومنٹ ایوارڈ کی خوبصورت اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بزنس ماحول کو خوشگوار بنانے اور مسابقت کی فضا برقرار رکھنے کے لئے بزنس کے مختلف شعبوں میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔
اس تقریب کی رونق صدر مملکت ممنون حسین تھے۔ مختلف شعبوں کے اہم سرکاری عہدیداروں کے علاوہ نگران حکومت کے وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اہم شخصیات نے اپنے پیغام بھی جاری کئے۔ صدر ممنون حسین نے بیان دیا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی کے لئے سازگار ماحول مہیا کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا چھٹے اچیومنٹ ایوارڈز ان کاروباری شخصیات اور اداروں کی خدمات کا اعتراف ہیں، جنہوں نے بزنس کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ملک محمد رفیق رجوانہ، گورنر پنجاب نے پیغام دیا: ’’فیڈریشن کی تمام ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے، جس نے اچیومنٹ ایوارڈ کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا ہوا ہے۔
خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا‘‘ اچیومنٹ ایوارڈ کے میگاایونٹ سے بزنس کمیونٹی کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر کامرس اینڈ ٹیکسٹائل کا پیغام ہے: فیڈریشن کے ان ایوارڈز کی وجہ سے بزنس کمیونٹی میں صحت مند مقابلے کی فضا کو تقویت ملی ہے، ڈاکٹر شمشاد اختر وفاقی وزیر نے کہا: اچیومنٹ ایوارڈ کے ذریعے فیڈریشن آف چیمبرز اینڈ کامرس نے اپنی روایات کو جاری رکھ کر ایک کارنامہ انجام دیا ہے۔ غضنفر بلور صدر فیڈریشن نے سینئر نائب صدر، نائب صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے اچیومنٹ ایوارڈ کامیابی سے منعقد ہوا۔ میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا: صنعت و تجارت کے فروغ میں حوصلہ افزائی اور مسابقت کا ماحول بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
چھٹے اچیومنٹ ایوارڈ کے انعقاد سے بزنس کمیونٹی کو ایک نئی ’’کمک‘‘ ملی ہے، تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید فروغ دے سکیں۔تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے بزنس کمیونٹی کے لیڈروں اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو کہا کہ دنیا میں معاشی مواقع بہت تیزی سے پیدا ہو رہے ہیں، پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو چاہیے کہ وہ معاشی مواقع پر نظر رکھے اور ان کا بھرپور فائدہ اٹھائے۔
چین پاکستان اکنامک کو ریڈور علاقائی بزنس میں مرکزی اہمیت حاصل کر چکا ہے اور پاکستانی سرمایہ کار اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نئی سرمایہ کاری کریں۔ نئی معاشی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، حکومت نے انرجی کا مسئلہ حل کرکے سرمایہ کاروں کا اصل مسئلہ حل کردیا ہے۔
2030ء تک پاکستان کے دنیا کی اٹھارویں معیشت بننے کی پیش گوئی کی جاچکی ہے، معاشی ٹیک آف کے لئے حکومت ہر سطح پر صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔
اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں افتخار علی ملک، زبیر طفیل اور خالد تواب شامل ہیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں سعید احمد، آصف بشیر، ارشد عباس، فرحان حنیف، مسز شیبا حنیف، مسز شیبا حلیم، صابر حسین، محمد یونس ویانی، عبدالرحمن پنجوان، خالد وسیم کھوکھر، سید فیض اللہ جواد، انیس اے شاہ، جاوید علی غوری، امتیاز کوثر، عمر ریحان، بابر اقبال، میاں محمد اکرم فرید، چودھری ولید مشتاق، سیمامغل، پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، اویس قرنی، مرتضیٰ احمدعلی، محمد حسین، رسول فرقان عبدالقادر، الطاف گوگل، جاوید احمد، اظفر ارشد، محمد پائیل، ملک حمید اللہ، محمد امیر ہاشمی، محمد ارشد جمال، زرک خان، ڈاکٹر فرقان عیسیٰ عبداللہ، ندیم کشتی والا، مسز عذرا مقصود، احسن مہانتی، اعجاز محمد عالم اور شاہد یوسف شامل ہیں۔گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد افتخار علی ملک نے چھٹے اچیومنٹ ایوارڈ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا:حوصلہ افزائی سے انسان کا حوصلہ بلند ہوتا ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایکسپورٹ ٹرافی کو تسلسل سے جاری رکھا ہوا ہے۔ اچیومنٹ ایوارڈ کی ضرورت اس لئے پیش آئی کہ پہلاایوارڈ تو صرف ایکسپورٹرز کے لئے مختص تھا۔
پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی ڈیمانڈ تھی کہ پاکستان میں بھی صنعت و تجارت کی حوصلہ افزائی اور مسابقت کا ماحول خوشگوار بنانے کی ضرورت ہے،اس لئے فیڈریشن اچیومنٹ ایوارڈ کا اجرا کیا جائے، چنانچہ یہ سلسلہ شروع کردیا گیا۔
یقین کریں کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی اور پہلے ہی اچیومنٹ ایوارڈ سے اسے وہ عزت دی کہ اس وقت جس ادارے کے پاس اچیومنٹ ایوارڈ ہے، اسے صنعت و تجارت کے پاکستانی حلقوں کے علاوہ بین الاقوامی کاروباری حلقوں میں بھی عزت و اعتماد کے ساتھ ڈیل کیا جاتا ہے، یہی اچیومنٹ ایوارڈ کا اصل مقصد ہے۔