وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ اور سرگودھا میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ اور سرگودھا میں اربوں روپے کے ترقیاتی ...
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ اور سرگودھا میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرگودھا(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چنیوٹ اور سرگودھا کے لئے 17۔ارب 60کروڑ روپے کے نئے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈو یلپمنٹ پنجاب کے ہر شہر اور ہر علاقے کا حق ہے،ڈھائی برس میں حکومت کا کوئی کرپشن سکینڈل سامنے نہیں آیا، مہنگائی کے ازالےکیلئےٹھوس اقدامات اورپائیدارپالیسیاں مرتب کررہےہیں،یکساں ترقی کےویژن کےتحت ہرضلع کیلئے ترقیاتی پیکیج تیار کررہےہیں،ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے منصوبوں کو اگلے ڈھائی سال میں مکمل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ اور سرگودھا میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح  کیا اور کئی میگا منصوبوں کا سنگ بنیا د رکھا ،اضلاع کے دوروں کے دوسرے مرحلے میں وزیراعلیٰ پنجاب چنیوٹ پہنچے اورانہوں نے چنیوٹ کیلئے پانچ  ارب 60 کروڑ روپے کے نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان، 43 کروڑ 71 لاکھ روپے کےچار  منصوبوں کا افتتاح اور 85 کروڑ 31 لاکھ روپے کےدو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ میں چنیوٹ سیکشن چار ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے بنانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے چنیوٹ میں 43 کروڑ 71لاکھ روپے کے کھیت سے منڈی تک رسائی کے لئے 45 کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کےچارمنصوبوں کاافتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ میں روڈ سیکٹر کے 85 کروڑ 31 لاکھ روپے کےدو نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چنیوٹ کیلئے پانچ  ارب 60 کروڑ روپے کے نئے ترقیاتی منصوبوں اور ساڑھے پانچ ارب روپےکےفیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ سیکشن کی تعمیر کے منصوبے کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ آج چنیوٹ کی ترقی کے لئے خصوصی پیکیج لے کر آیا ہوں، اس پیکیج کے تحت 12 بڑے منصوبے مکمل کئے جائیں گے،روڈ سیکٹر کے چھ ، ہیلتھ اور ایجوکیشن کے دو ، دو ، نکاسی آب اور پولیس لائنز کا منصوبہ شامل ہے۔ چنیوٹ میں 250 بیڈ کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنایا جائے گا۔ چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور پولیس لائنز بھی بنائی جائیں گی۔ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں فراہمی و نکاسی آب، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے دیگر منصوبے بھی شامل ہوں گے،لالیاں میں بوائز کالج اور بھوانہ میں گرلز ڈگری کالج بنانے کیلئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے گی،فیصل آباد، چنیوٹ سرگودھا 67 کلومیٹر طویل سڑک 12 اب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔فیصل آباد، چنیوٹ، سرگودھا روڈ میگاپراجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا۔ فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کے منصوبے میں ڈسٹرکٹ پیکیج کے علاوہ چنیوٹ کاحصہ پانچ  ارب 50 کروڑ روپے میں بنے گا۔چنیوٹ پنڈی بھٹیاں روڈ کی بحالی اور تعمیر و مرمت کیلئے کاوش کر رہے ہیں۔ پنجاب میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران روزانہ ہزاروں ایکڑ اراضی واگزار کرائی جا رہی ہے،رمضان بازاروں میں 2018 کے نرخ پر اشیائے صرف فراہم کریں گے،گندم خریداری پالیسی پر عملدرآمد کرکے کاشتکار کے حقوق کا تحفظ کریں گے،جس کا جو حق بنتا ہے اسے ملنا چاہیئے۔کھیت سے منڈی تک رسائی کے پروگرام میں سب سے زیادہ چنیوٹ کی سڑکیں بن رہی ہیں۔چنیوٹ کے مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر ہماری نظر ہے اور ہم ان مسائل کو ہر صورت حل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے،ہم ڈرنے والے نہیں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،ڈھائی برس میں حکومت کا کوئی کرپشن سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ مہنگائی کے ازالے کیلئے ٹھوس اقدامات اور پائیدار پالیسیاں مرتب کر رہے ہیں۔یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ہر ضلع کیلئے ترقیاتی پیکیج تیار کر رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے منصوبوں کو اگلے ڈھائی سال میں مکمل کیا جائے گا، ڈویلپمنٹ پنجاب کے ہر شہر اور ہر علاقے کا حق ہے۔ چنیوٹ کے عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے۔ ترقی اور خوشحالی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ نے شرکاء کی سفارشات اور تجاویز کو نوٹ کیا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری گڈ گورننس اعجاز منہاس، کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چنیوٹ سے سرکٹ ہاؤس سرگودھا پہنچ کر 62 کروڑ 30 لاکھ روپے کے چھ منصوبوں کا افتتاح کیا،سرگودھا میں پناہ گاہ، ڈی سی آفس کمپلیکس اور گورنمنٹ انبالہ کالج کے بی ایس بلاک کی عمارتیں تعمیر ہوں گی۔آر اے پی  کے فیز 2 کے تحت 53 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کےنو منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس میں پودا لگا کر میاواکی فاریسٹ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرگودھا کیلئے 12 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا،جس کے تحت 43 ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے، فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں پر دو  ارب روپے لاگت آئے گی۔ حکومت پنجاب سرگودھا میں سوشل سکیورٹی ہسپتال بھی بنائے گی۔ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی سروسز اور شعبہ حادثات قائم ہوگا۔روڈ سیکٹر کے 26 میگا پراجیکٹ مکمل ہوں گے۔سرگودھا تا مخدوم انٹرچینج موٹروے، 42 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک بنے گی۔109 کلومیٹر طویل سڑکو ں کے علاوہ فلائی اوور بھی تعمیر ہوگا۔شہری اور دیہاتی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی کی جائے گی،اربن ڈویلپمنٹ میں فراہمی و نکاسی آب، پارک کی تعمیر اور بیوٹیفکیشن سمیت 13منصوبے مکمل کئے جائیں گے،سرگودھا میانوالی روڈ کا ایک حصہ مکمل ہو چکا ہے،سرگودھا میانوالی روڈ کا دوسرا حصہ خوشاب سے سرگودھا، سیال موڑ تک مکمل کرنے کیلئے پی ایس ڈی پی میں پیش ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، چنیوٹ سرگودھا روڈ 12 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی جائے گی۔فیصل آباد، چنیوٹ سرگودھا  67 کلومیٹر طویل روڈ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنے گی۔فیصل آباد، چنیوٹ سرگودھا  روڈ کے منصوبے میں ڈسٹرکٹ پیکیج کے علاوہ سرگودھا کا حصہ سات  ارب 50 کروڑ روپے میں بنے گا۔وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اس سال کے آخر تک پورے پنجاب میں ہیلتھ کارڈ سکیم مکمل کرلی جائے گی،رمضان میں سات ارب روپے کا پیکیج دیا جارہا ہے، 313 رمضان بازاروں میں 2018ء کے نرخ پراشیاء صرف فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خود روزگار کے لئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں جس میں ہنر مند نوجوانوں کوکاروبار کیلئے قرضے دیئے جائیں گے۔پولیس میں 10 ہزار بھرتیاں، 600گاڑیاں اورنئے تھانے بنائے جارہے ہیں۔گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے میڈیا کے توسط سے عوام سے اپیل کی کہ سرگودھا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 12فیصد تک پہنچ چکی ہے۔کورونا سے بچاؤ کا واحد طریقہ احتیاط،ماسک کا استعمال اورسماجی فاصلہ ہے۔اسی میں آپ کے اہل خانہ کا بھی فائدہ ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس سرگودھا میں صوبائی وزیر عنصر مجید نیازی،ارکان اسمبلی،ٹکٹ ہولڈرز اورپارٹی عہدیداروں نے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں سرگودھا کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور دیگر امو رپر تبادلہ خیال کیاگیا۔عوامی نمائندوں نے ترقیاتی منصوبو ں کے بارے میں تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سرگودھا کو وہ اہمیت نہیں دی گئی جو دی جانی چاہیئے تھی۔سرگودھا کے عوام کو ترقی کا حق لوٹائیں گے۔ سرگودھا کی ترقی کا سفر تیز سے تیز تر کیا جائے گا۔عوام کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کو اگلے ڈھائی سال کے عرصے میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔پنجاب کے ہر شہر اور ہر علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے ثمرات نظر آئیں گے۔وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔کارکن پارٹی کیلئے بے حد اہمیت رکھتے ہیں۔کارکنوں کو ان کا جائزہ مقام دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرگودھا میں ویکسینیشن سینٹر پہنچ گئے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کومحفوظ کرنے کا نظام بھی دیکھا۔انہوں نے ویکسینیشن کیلئے آنے والے بزرگ شہریوں اوران کے عزیز واقارب سے بات چیت کی۔ویکسینیشن کے لئے آنے والی بزرگ خاتون نے انتظامات کو سراہااورکہا کہ ویکسینیشن سینٹر پرانتظامات عمدہ ہے،عملہ بااخلاق اورتعاون کرنے والا ہے۔پنجاب بھر میں ویکسینیشن کیلئے126 ویکسینیشن سنٹر قائم کئے گئے ہیں -ویکسینیشن سینٹر پر دوسری ڈوزکا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔کورونا سے نمٹنے کے لئے حکومت پنجاب کی پوری انتظامی مشینری مامور ہے - رکن قومی اسمبلی عامر سلطان چیمہ، صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری گڈ گورننس اعجاز منہاس، کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بھی موجودتھے۔